بلاول سے اختر مینگل کی ملاقات‘ زرداری کی گرفتاری پر اظہار افسوس

اسلام آباد (نیوز لائن) پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال ‘ قوم کو درپیش معاشی مسائل اور عوامی بے چینی پر گفتگو کی۔ ملاقات میں عوامی مسائل پر متفقہ لائحہ عمل بنانے اور مستقبل میں اکٹھے چلنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ سردار اختر مینگل نے کہا سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری پر اظہار یکجہتی کے لئے آپ کے پاس آیا ہوں، حکومت 10 ماہ میں بی این پی کے 6 نکات پر عمل درآمد نہیں کرسکی۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے یکجہتی پر سردار اختر مینگل سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی بی این پی کے 6 نکات کو بالکل درست سمجھتی ہے، اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ہمیشہ حق تلفی کی گئی ہے، بلوچستان کے عوام کے زخموں کا مداوا کئے بغیر ملکی ترقی کا ہر تصور ناپائیدار ہوگا، پی پی پی نے آغاز حقوق بلوچستان دے کر بلوچ عوام کو حقوق کی فراہمی کی ابتدا کی۔

Related posts