بچوں کو بہتر شہری بنانے کیلئے اخلاقیات پر توجہ دینا ہوگی‘ڈاکٹرالفرید


فیصل آباد (نیوزلائن)وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی (پی ایم سی )پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرہ میں بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔والدین اور اساتذہ معاشرہ میں بڑھتی ہوئی معاشرتی برائیوں اوررویوں کے خاتمہ کے لئے بچوں کی اخلاقیات پر توجہ دیں تاکہ انہیں معاشرہ کے بہترین انسان بنایا جا سکے ۔جبکہ سائیکاٹرک ڈاکٹرز کی ہر شعبہ زندگی میں کونسلنگ کے ذریعے لوگوں کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے ایف ایم یو میں جلد سائکاٹرک کے ڈپلومہ جات کا آغاز بھی کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں بچوں میں ذہنی امراض کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر وقار عظیم ،پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر ،پروفیسر ڈاکٹر نازش عمران ،پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد ، پروفیسر ڈاکٹر فرید اسلم منہاس ،پروفیسر ڈاکٹر سمیعہ بخاری ،پروفیسر ڈاکٹر عائشہ منہاس،پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ ،ڈاکٹر علی ذوالقرنین ،ڈاکٹر ثمرین ،ڈاکٹر فیض محی الدین ،ڈاکٹر شہریار کے علاوہ ڈاکٹرز اور طلبہ بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ والدین بالخصوص مائیں اوراساتذہ بچوں کی صحیح رہنمائی کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ معاشرے کے بہترین انسان نہ بن سکیں ۔دیگر مقررین نے کہا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں شعبہ سائیکاٹرک کا کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ۔سیمینار میں ملکی و غیر ملکی پروفیسر ڈاکٹرز نے جدید تحقیقات پر مشتمل اپنے مقالہ جات پیش کئے اور آخر میں سول ہسپتال شعبہ ذہنی نفسیات کے پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر نے مقررین کو شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔

Related posts

Leave a Comment