تبدیلی آگئی: حکومت کیخلاف نفرت پھیلانے پر فیصل آباد میں مقدمہ درج


فیصل آباد(عاطف چوہدری)تبدیلی آتے ہی پنجاب پولیس بھی سرگرم ہوگئی ۔فیصل آباد پولیس نے پونے دو سال پرانے ٹی وی پروگرام کی بنیاد پر سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم ‘جنگ و جیو گروپ کے چیف ایگزیکٹومیر شکیل الرحمان ‘سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی‘ اور جیو کے اینکر پرسن منیب فاروق کیخلاف حکومت کیخلاف عوام میں نفرت پھیلانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد میں منتخب اور قانونی وفاقی یا صوبائی حکومت کیخلاف عوام میں نفرت پھیلانے کی دفعہ 124اے ‘پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور منیب فاروق نے جیو کے پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں فوج کیخلاف باتیں کیں جس سے عوامی سطح پر فوج کیخلاف نفرت پھیلی۔ ایف آئی آر میں 25جنوری 2017کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں جنگ و جیو گروپ کے چیف ایگزیکٹو میر شکیل الرحمان اور سابق چیئر مین پیمرا ابصار عالم کو بھی ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مندرجات تو فوج کیخلاف باتیں کرنے اور عوامی سطح پر فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کو بنایا گیا ہے تاہم دفعات قانونی طور پر قائم وفاقی یا صوبائی حکومت کیخلاف عوام میں نفرت پھیلانے کی لگائی گئی ہیں۔پولیس نے ایف آئی درج کرکے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Related posts