تبدیلی کہاں آئی: تحریک انصاف نے ن لیگ کا’’ پٹوار کلچر‘‘ اپنا لیا


فیصل آباد(ندیم جاوید)مسلم لیگ ن کے پٹواری کلچر کو اب پاکستان تحریک انصاف نے اپنا لیاہے۔ ن لیگی پٹواریوں کو اپنے اپنے علاقوں میں لگوانے اور ان کے ذریعے لوٹ مار کرنے کے منصوبے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی بنانے لگے ہیں۔ سرکاری دفاتر میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے پٹواریوں اور تھانیداروں کے تبادلوں کیلئے سفارشیں ’’چٹوں‘‘کے ڈھیرلگنے لگے ہیں۔ سرکاری افسران تسلیم کرتے ہیں تو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور نہیں مانتے تو پی ٹی آئی رہنماؤں کے عتاب کا شکار ہوتے ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ ن گزشتہ دس برس میں اپنے پٹواری کلچر کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں رہی ہے۔ن لیگی ارکان اسمبلی کے پٹواریوں اور تھانیداروں کے ذریعے معاملات چلانے اور پٹواریوں اور تھانیداروں کے من پسند جگہ تعیناتیوں کیلئے ارکان اسمبلی خود سرگرم رہے اور انہی من پسند تعیناتیوں کی عوض پٹواری اور تھانیدار ن لیگی ارکان اسمبلی کے ہاتھوں میں کھیلتے رہے۔ اسی کلچر کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے اصلی کارکن بھی پٹواری کہلائے جانے لگے اور’’پٹواری‘‘ جیسا ریونیو افسر نفرت کا نشان بن گیا تھا۔ پٹواری کلچر سے عوام نے شدیدنفر ت کا اظہار کیا اور الیکشن میں اس کے نتائج ن لیگ کوبھگتنے پڑے۔ مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کے پٹواریوں اور تھانیداروں کے ذریعے عوام کو تنگ کرنے اور ان کے ذریعے اپنے غیرقانونی کام کروانے کی متعدد رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے اسی پٹوار کلچر کو اب تحریک انصاف نے اپنالیا ہے۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے پٹواریوں اور تھانیداروں کے تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے اعلیٰ سرکاری افسران کے دفاتر میں ڈیرے لگا لئے ہیں۔ افسران کوسفارشی فونوں کی بھرمارہے۔ سفارشی رقعے لکھے جارہے ہیں اور اعلیٰ افسران کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کی خواہشات کے مطابق پٹواریوں اور تھانیداروں کے تبادلے کریں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ایک پٹواری کا تبادلہ اپنی مرضی کے مطابق کروانے کیلئے جنوبی پنجاب کے ایک وفاقی وزیر نے اپنا سفارش کی اور اس کا تبادلہ کروایا۔ پی ٹی آئی کے سرگودہا روڈ کے ارد گرد کے علاقوں پر مشتمل حلقہ سے ایم این اے نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے اپنے چہیتے پٹواری کو شہر کے مرکزی علاقے میں تعینات کروایا ۔ پٹواریوں اور تھانیداروں کے تبادلوں کیلئے فیصل آباد سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سرگرم ہیں اور یہی حال پٹواریوں اور تھانیداروں کا ہے وہ اپنی پسند کی تعیناتی کیلئے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے سفارشی فون کروارہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پٹواری کلچر کو اب مکمل طور پر پی ٹی آئی اپنا چکی ہے۔ اور پٹواری کلچر پی ٹی آئی کی پہچان بنتاجارہا ہے۔

Related posts