جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد: بغیر کپتان کے ڈولتا ہوا بیڑا

فیصل آباد(ندیم شہزاد) جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد بغیر کپتان کے ڈولتا ہوا بحری بیڑا بن گئی۔ مستقل وی سی کی تعیناتی کو ایک ہفتہ ہونے کے باوجود ابھی تک وائس چانسلر نے چارج نہیں لیا اور یو نیورسٹی کے انتظامی امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ نیوز لائن کے مطابق جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کو مستقل سربراہ دستاویزی لحاظ سے تو مل گئی ہے مگر عملی طور پر جی سی ڈبلیو یو ایف اس وقت بغیر کپتان کے بیچ سمندر میں ڈولتے ہوئے بحری بیڑے جیسی پوزیشن میں ہے۔ جی سی ویمن یونیورسٹی کی قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر صوفیہ انور اپنی تعیناتی کی مدت مکمل ہونے کے بعد واپس جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں جا چکی ہیں ۔ گورنر پنجاب نے ڈاکٹر خان زادی فاطمہ خٹک کو ویمن یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن آٹھ مئی کوجاری کردیا تھا۔ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے دس دن بعد تک بھی نئی وائس چانسلر نے چارج نہیں لیا۔ ادارے کا سربراہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی کے انتظامی امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

Related posts