جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے چار سنڈیکیٹ ممبرز کی نامزدگی

فیصل آباد (نیوز لائن) گورنر پنجاب نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی سنڈیکیٹ کے چار ممبران کی نامزدگی کردی ہے۔تین خواتین ایم پی ایز فردوس راہنہ (فردوس رائے) ‘ سیدہ سونیا علی اور ساجدہ بیگم کے علاوہ غازی یونیورسٹی ڈی جی خان کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل کو سنڈیکیٹ کا ممبر بنایا گیا ہے۔ فردوس رائے فیصل آباد سے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونیوالی پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب سمبلی ہیں۔ تحریک انصاف کی سرگرم کارکن اور طویل عرصہ سے پارٹی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ وہ اسی ادارے کی فارغ التحصیل ہیں جس کی وہ سنڈیکیٹ کی ممبر نامزد ہوئی ہیں۔ سونیا شاہ (سیدہ سونیا علی) گورنر پنجاب کے اپنے علاقے پیر محل کی ایم پی اے ہیں۔ انہوں نے پی پی 123میں انتہائی کلوز فائیٹ کے ساتھ مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے کو شکست دی تھی ۔ ان کا شمار تحریک انصاف کے اندر ریاض فتیانہ گروپ میں ہوتا ہے ۔ ریاض فتیانہ کی اہلیہ آشفہ ریاض بھی سونیا شاہ کے ساتھ دوسرے حلقے سے ایم پی اے بنی تھیں اور ان کے پاس وزارت ترقی خواتین کا قلمدان ہے۔ ساجدہ بیگم کا تعلق سرگودھا ڈویژن کے علاقے جوہر آباد سے ہے۔ وہ بھی مخصوص نشستوں پر رکن پنجاب اسمبلی بنی ہیں۔ ڈاکٹر محمد طفیل کا شمار ملک کے معروف ماہرین تعلیم اور ریسرچ سکالرز میں ہوتا ہے تاہم ان کی یونیورسٹی(غازی یونیورسٹی ڈی جی خان) کے حوالے سے بوگس ڈگریوں’ جعلی رجسٹریشن اور ایچ ای سی کے متعدد معاملات کے حوالے سے بہت سے معاملات سامنے آتے رہے ہیں۔

Related posts