حکومت تعلیمی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے: چوہدری ظہیر

فیصل آباد (نیوز لائن) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت علم کے فروغ اور تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے اسی مقصد کے لئے رواں مالی سال میں 383۔ارب روپے کی ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے جس کی بدولت شعبہ تعلیم کو مزید جدتوں سے ہمکنار کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات 2019 ء کے نتائج کے اعلان کے موقع پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق‘ ارکان صوبائی اسمبلی عادل پرویز گجر‘ فردوس رائے‘ رانا شہباز خان کے علاوہ چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاھین‘ ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن بینشن فاطمہ‘ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز ٹوبہ ٹیک سنگھ اقراء مصطفے‘ سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی‘کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی‘ ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمد عالم‘ چوہدری ثناء اللہ گجر‘ ویلفیئر آفیسر بورڈ بابر ڈوگر و دیگر کے علاوہ پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات‘ان کے والدین‘سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ میٹرک امتحان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 58 ہزار 746 امیدواروں نے شمولیت کی جس میں سے ایک لاکھ 24 ہزار 64 طالب علم کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 78.15 فیصد رہا۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے میٹرک امتحان میں اعلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار اور باصلاحیت طالب علموں‘ ان کے والدین اور ٹیچرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ذہین و باصلاحیت طالب علم وطن عزیز کا روشن مستقبل ہیں جن کی حوصلہ افزائی اور داد کے اقدامات پر ان پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں جس کی بدولت ان میں مزید عزم و ہمت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور جدت کے اس دور میں طالب علموں کو تعلیم و تدریس کے لئے جدید سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل اور انکے لئے ترقی کے میدان میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقی کا میدان علموں کے لئے کھلا ہے لہذا صحت مند مقابلے اور علم کی جستجو میں بھر پور محنت کریں‘والدین اور استاد کی عزت اور اسلامی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہوں حکومت انہیں تعلیمی شعبے میں وسائل کی کمی محسوس نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے تقریب میں قومی ترانہ پڑھنے والے طالب علموں کے لئے 15 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس نے میٹرک سالانہ امتحان میں اعلی کارکردگی دکھانے والے طالب علموں کو مبارکباد دی اور کہا یہ ذہین بچوں کے لئے تاریخی دن ہے اوران کی عمدہ کامیابی پر بھر پور استقبال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ تعلیم پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے کیونکہ جہالت کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ارکان اسمبلی عادل پرویز گجر‘ فردوس رائے‘ رانا شہباز خان نے کہا کہ باصلاحیت طالب علموں پر فخر ہے جن کی ذہانت ہی ہمارا شاندار اور روشن مستقبل ہے۔ انہوں نے امتحانی نظام میں جدت لانے اور شفاف نتائج مرتب کرنے پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے افسران اور سٹاف کی کاوشوں اور کارکردگی کو سراہا۔ چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کرنے پرصوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین‘ ارکان اسمبلی اور دیگرمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Related posts