حکومت کا فوکس درآمدات کم اور ایکسپورٹ بڑھانے پر ہے‘ عبدالرزاق داؤد


فیصل آباد(نیوز لائن)مشیر وزیر اعظم برائے کامرس ٹیکسٹائل و انڈسٹری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ انڈسٹری کی بحالی اور معیشت کی مضبوطی حکومت کی پہلی ترجیح ہے انڈسٹری میں بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ درآمدات کو کم کرکے ایکسپورٹ کو بڑھایاجائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اور فیصل آباد گارمنٹس سٹی میں صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کے وفود سے ہونیوالی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے انڈسٹریل پالیسی پر کام کررہے ہیں جدید ایکسپو سنٹر کا قیام گیس و بجلی کی قیمتوں میں ریلیف سمیت دیگر اقدامات اسی کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو ریفنڈ کی مد میں رقوم کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے بھی موثر حکمت عملی پر کام جاری ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر تباہ حال صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے کیونکہ انڈسٹری کی تباہی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ہمیں بخوبی احساس ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں صنعتوں کا کیا کردار ہے انہوں نے کہا کہ تمام صنعتکار اور ایکسپورٹرز اطمینان رکھیں موثر حکمت عملی کے باعث جلد تمام مسائل پر قابو پالیں گے اس موقع پر صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس ضیاء علمدار ‘سنیئر نائب صدرمیاں تنویر‘چیئرمین گارمنٹس سٹی ریحان نسیم بھراڑہ ‘میاں جاوید اقبال‘ظفر اقبال سرور سمیت صنعتکاروں نے وزیراعظم کے مشیر کو ریفنڈز سمیت انڈسٹری کو درپیش دیگر مسائل بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور ان مسائل سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا ۔مشیر وزیراعظم نے چیمبر آف کامرس اور گارمنٹس سٹی کے مختلف شعبوں کا بھی وزٹ کیا ۔

Related posts