دو ہزار ن لیگی بلدیاتی نمائندے ق لیگ،پی ٹی آئی میں شمولیت کو تیار


فیصل آباد (نیوزلائن) پنجاب سے ضلعی، یوسی چیئرمینوں اور کونسلرز سمیت دو ہزار سے زائد بلدیاتی نمائندے مسلم لیگ(ن) کو چھوڑ کر تحریک انصاف یا مسلم لیگ ق میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ پی ٹی آئی اور ق لیگ کی قیادت سے رابطے ہوچکے ہیں اور کسی بھی شمولیت کا اعلان ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی طرف سے نیا بلدیاتی نظام لانے اور متوقع بلدیا تی انتخابات کے پیش نظر بلدیاتی نمائندے ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کے ایک اجلاس میں باقاعدہ اس پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا کیونکہ اس اجلاس میں متعدد ارکان اسمبلی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہمارے بلدیاتی نمائندے ہمیں چھوڑ کر جا رہے ہیں اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بننے پر اب تو بلدیاتی نمائندوں نے ہمارے اجلاسوں میں آ نا بھی چھوڑ دیا ہے اور واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ جس کی حکومت ہے ہم اس کا ساتھ دیں گے کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کا اعلان کیا ہے اور کے پی کے فارمولا یہاں لانے کا کہا ہے ، اس فارمولے میں بلدیاتی نمائندے زیادہ طاقتور ہیں تو ہم کیوں نہ ان کا ساتھ دیں۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کی اعلیٰ قیادت اس پر سخت پریشان ہے اور چند رہنمائوں کو یہ ذمہ داری بھی دی گئی ہے کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے مضبوط شہروں فیصل آباد، لاہور ، سگودھا، گوجرانوالہ ، ملتان، راولپنڈی ، گجرات ، اوکاڑہ ، ساہیوال ، قصور سے بھی بڑی تعداد میں ن لیگ کے بلدیاتی نمائندوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے،
ذرائع کے مطابق بہت بڑی تعداد میں بلدیاتی نمائندے مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے سپیکر پنجاب اسمبلی سے رابطے میں ہیں ۔ پی ٹی آئی کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں کی بہت بڑی تعداد مسلم لیگ ق میں بھی شامل ہو رہی ہے۔ فیصل آباد میں شہر کی 71یونین کونسلز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اورمسلم لیگ ق میں شامل ہونے کیلئے پرتول رہے ہیں۔ سابقہ دور میں چوہدری پرویز الہٰی کا دست و بازو رہنے والے بلدیاتی نمائندے اب دوبارہ ان کے ساتھ جارہے ہیں اور مسلم لیگ ن کو صاف جواب دئ چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے دور میں میئر رزاق ملک اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے آگے پیچھے پھرنے والے اب میئر رزاق ملک کا فون سننے بھی گوارہ نہیں کررہے اور پی ٹی آئی یا مسلم لیگ ق میں جانے کیلئے رابطے کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد سٹی میں اہم بلدیاتی ذمہ داری حاصل کرنے کیلئے مسلم لیگ ق کے اہم رہنما رانا زاہد محمود بھی سرگرم ہیں۔ وہ چوہدری پرویز الہٰی سے رابطہ کئے ہوئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ نئے سیٹ اپ میں وہ سٹی ناظم کے اہم امیدوار ہوسکتے ہیں۔

Related posts