رانا ثناء اللہ کو ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی آہیں لے ڈوبیں‘ عوامی تحریک

فیصل آباد (نیوز لائن) پاکستان عوامی تحریک ضلع فیصل آباد کے صدر راناطاہر سلیم، جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود، سیکرٹری اطلاعات غلام محمدقادری نے کہاہے کہ رانا ثناء اللہ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ اورمظلوم شہداء وزخمیوں کی آہیں لے ڈوبیں۔ انہوں کہا کہ انشاء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون رنگ لائے گا اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل اورقاتلوں کا ساتھ دینے والے سن لیں کہ ان سب کا انجام بھی قریب ہے۔اللہ تعالیٰ کے ہاں دیر ہوتی ہے اندھیر نہیں سانحہ ماڈل ٹاؤ ن کے قاتلوں کو ریلیف دینے والے ججز سن لیں کہ عنقریب شہدائے کے ورثاء کی آہیں انہیں لے ڈوبیں گی اوران کا انجام بہت برا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ کے کالعدم تنظیموں اورملک دشمن عناصر کے ساتھ روابط کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ لوگوں پر اپنے نام نہاد آقاؤں میاں نواز شریف اورشہباز شریف کے کہنے پر ظلم کیا اوردن دیہاڑے خون کی ہولی کھیلی آج مظلوم انصاف کے لیے دھکے کھارہے ہیں جبکہ قاتل سرعام آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سن لے کہ وہ فوری طورپر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان آفیسر وں کو اعلیٰ عہدوں سے ہٹائے ورنہ ظالم کاساتھ دینے والوں کا حشر بھی ظالم کے ساتھ ہوتاہے۔ اورہم مظلوم لوگوں کی آہیں موجودہ حکومت کے ان ارباب اختیار کو بھی لے ڈوبیں گی جوسانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ملزمان کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔

Related posts