رمضان المبارک حاجت روائی کا درس دیتا ہے‘ خالدہ منصور


فیصل آباد(نیوزلائن)صدر زینت ویلفیئر سوسائٹی / ایم این اے بیگم خالدہ منصورنے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں مستحقین کی حاجت روائی کا درس دیتا ہے جس کے دوران اﷲ تعالی کی رحمتیں حاصل کرنے کے لئے محروم طبقات کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔خدمت خلق جس عنوان سے بھی ہو افضل عبادت ہے فلاحی اداروں نے مخلوق خدا کی خدمت کا جو بیڑا اٹھا رکھا ہے وہ کسی نعمت سے کم نہیں ۔ انہوں نے یہ بات زینت ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام غرباء ‘ مساکین میں راشن کے پیکٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر مرکزی صدر کلاتھ بورڈ حاجی نصیر یوسف وہرہ ‘ ندیم وہرہ ‘ نذیر حسین باجوہ و دیگر مسلم لیگ (ن ) خواتین ونگ عہدیداران موجود تھیں ۔انہوں نے زینت ویلفیئر سوسائٹی کی وسیع فلاحی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غریب پرور غرباء مستحقین کی گھریلو ضروریات پورا کرنے کے سلسلے میں عظیم فلاحی کام کئے جارہے ہیں جو کہ اﷲ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدقہ ‘خیرات اور مستحقین کی امداد کرنا اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے ۔ اس سلسلے میں مخیر حضرات کا فلاحی جذبہ قابل ستائش ہے جو اﷲ تعالی کے دئیے ہوئے وسائل سے معاشرے کے نادارا اور بے سہارا افراد میں تقسیم کرکے عظیم نیکی کما رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یا انتظامیہ تنہا غریب عوام کی حاجت روائی نہیں کر سکتی اس سلسلے میں وسائل یافتہ طبقہ کی معاونت بڑی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے فلاح کاروں کے کاروبار اور زندگیوں میں خیر و برکت کی دعا کی اور راشن حاصل کرنے والے مستحق خواتین و حضرات کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ اس امداد سے انہیں کچھ آسرا ضرور ملے گا ۔

Related posts