رمضان بازاروں میں بدانتظامی برداشت نہیں کی جائیگی‘ سلمان غنی


فیصل آباد(نیوزلائن) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے وارننگ دی ہے کہ عوامی ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں رمضان بازاروں میں کسی قسم کی بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈیوٹی افسران تمام سٹالز پر تازہ پھل ‘ سبزیوں اور اعلی کوالٹی کی دیگر اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ سستے رمضان بازاروں کے فوائد صحیح معنوں میں صارفین تک پہنچ سکیں ۔ وہ شہر کے مختلف رمضان بازاروں میں انتظامات چیک کر رہے تھے ۔ وہ فیضان مدینہ چوک مدینہ ٹاؤن اور چھتری والی گراؤنڈ جناح کالونی کے رمضان بازاروں میں گئے اورمختلف سٹالز پر پھلوں ‘ سبزیوں ‘ دالوں ‘ گوشت اور دیگر اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے سٹالز ہولڈرز کو تنبیہہ کی کہ وہ کسی قسم کی ہیرا پھیری سے اجتناب کریں اور صارفین کوکنٹرول قیمتوں پر معیاری اشیاء ہی فروخت کریں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے سستی چینی کی فروخت کے عمل کا بھی معائنہ کیا اور اپنی نگرانی میں چینی کے پیکٹس کا وزن کرکے تول پورا ہونے سے متعلق تسلی کی ۔ انہوں نے چیک آلہ کی مدد سے آٹے میں نمی کے تناسب کوچیک کیا اور سستے آٹے کا معیار بہتر رکھنے اور شفاف فروخت کی ہدایت کی ۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے خریداری کیلئے آئے ہوئے مرد و خواتین سے ملاقات کرکے ان سے اشیاء کی کوالٹی اور رعایتی قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے صارفین کویقین دلایا کہ سستے رمضان بازاروں میں اشیاء کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آلو‘ پیاز ‘ ٹماٹر‘ کیلا ‘ سیب اور دیگر اشیاء کی گریڈنگ کے بعد رمضان بازاروں میں سپلائی کی جارہی ہے جن پر حکومت پنجاب سبسڈی بھی فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ ہر سٹالز پر اشیاء کے نرخنامے الگ الگ درج ہونے چاہیں اور کسی بھی شے کی عدم دستیابی یا کوالٹی بہتر نہ ہونے کی صورت میں صارفین کی شکایات کا فوری نوٹس لے کر اصلاحی اقدامات کریں ۔

Related posts