رمضان میں مہنگائی کا جن بے قابو‘ 305دکاندار پکڑے گئے



فیصل آباد(نیوزلائن)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ چار روز میں مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے اوورچارجنگ میں ملوث 305 دکانداروں کو مجموعی طور پر دو لاکھ 58 ہزار روپے کے جرمانے کئے جبکہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر 9 افراد کیخلاف مقدمات درج کرائے گئے ۔ریکارڈ کے مطابق سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ریاض حسین انجم نے پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر16 گرانفروشوں کو ساڑھے 21 ہزار روپے کے جرمانے کئے ۔ تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے بکر منڈی ‘ لیاقت ٹاؤن ‘ امین پارک ‘ جمیل پارک ‘ شاداب پلی و دیگر علاقوں میں پھل و سبزی‘ دودھ ‘گوشت ‘ روٹی کی قیمتوں کو چیک کیا اور اوورچارجنگ پر دکانداروں کومختلف مالیت کے جرمانے کئے دریں اثناء سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ جمیل احمد باجوہ نے کھانے پینے کی اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے کی پاداش میں دس دکانداروں کو 27 ہزار روپے کے جرمانے کئے ۔تفصیلات کے مطابق جمیل احمد باجوہ نے تھانہ سول لائنز اور سرگودھا روڈ کے علاقوں میں اشیاء ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے پر دکانداروں کومختلف مالیت کے جرمانے کئے ۔

Related posts