روپے کی قدر میں کمی سے معیشت تباہ ہوجائیگی‘عامر حنیف


فیصل آباد(نیوزلائن) صدر انجمن آڑھتیاں سبزی و فروٹ منڈی سدھار میاں عامر حنیف،سینئر نائب صدر محمد عمر بھٹی نے روپے کی قدر میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور کہاہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں میں عدم تواز ن پیدا ہو گا، بیرونی قرضوں میں مزید اضافہ ہو گا اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر سے مطالبہ کیا کہ حکومت روپے کی قدر کو سنبھالا دینے کے لیے فوری اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس حوالے سے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک میں گرانی مزید بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سفر، تعلیم، علاج معالجے اور سیاحتی مقاصد کے لیے ڈالر کی ضرورت پڑتی ہے۔مارکیٹ میں ڈالر کی عدم دستیابی کی بھی شکایات آرہی ہیں اور سپلائی کم ہونے کے باعث لوگوں کو ڈالر کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ روپے کی گرتی ہوئی قدر کے باعث معیشت سست روی کا شکار ہو گی جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے پاکستان میں صنعتی ترقی کا دارو مدار خام مال کی ستیابی پر ہے جبکہ روپے کی گراوٹ کی وجہ سے خام مال اور مشینری مزید مہنگی ہو جائے گی جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا۔

Related posts