زرعی یونیورسٹی میں معیاری تعلیم یقینی بنائیں گے:ڈاکٹر ظفراقبال


فیصل آباد (نیوزلائن)زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا ہے کہ نوجوان محققین عام آدمی کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ان کا دیرپا اور پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں تاکہ ملک میں بہترگورننس سسٹم یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کا معیار زندگی بلند کیا جا سکے۔ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس و ٹیچنگ ریسورس سنٹر کے زیراہتمام ویڈیوکانفرنس روم میں ایم فل اور پی ایچ ڈی ٹیچنگ اسسٹنٹس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر نے تدریسی سٹاف پر زور دیا کہ نوجوانوں کوتحقیقات کیلئے ایسے موضوعات تفویض کریں جن کے تحقیقی نتائج دوسرے اداروں کیلئے قابل بھروسہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان پر عمل پیرا ہونے سے معاملات میں بہتری اور نکھار پیدا ہو۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں معیارتعلیم میں بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ استاد و طالب علم کا مثالی تناسب یقینی بناتے ہوئے بہتری لائی جا سکے۔ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر غلام مرتضی سندھو نے کہا کہ 120ٹیچنگ اسسٹنٹس کو جدید طرز تدریس کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ انڈومنٹ فنڈ سیکرٹریٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر جعفر جسکانی نے اُمید ظاہر کی کہ پیشہ وارانہ تربیت سے نوجوان ٹیچنگ اسسٹنٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوگی۔ تقریب سے ڈائریکٹر کوالٹی انہانس منٹ پروفیسرڈاکٹر عبدالخالق ‘ ڈاکٹر عامر مقصود گل اور ڈاکٹر عائشہ نے بھی خطاب کیا۔

Related posts