فیصل آباد میں زمینی پانی کے کمرشل استعمال پر ٹیکس منظور


فیصل آباد (نیوز لائن)ضلع کونسل فیصل آباد نے زمینی پانی کے کمرشل اور انڈسٹریل استعمال پر ٹیکس کی منظوری دیدی ہے۔ اس کا فیصلہ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس وائس چےئرمین ضلع کونسل رائے فیاض حسین کھرل کی صدارت میں جناح ہال میں منعقدہوا۔ چےئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے ایجنڈا اجلاس پیش کیا۔وائس چےئرمین رانا ذوالفقار خان،خالد پرویز ورک کے علاوہ چیف آفیسر نعیم اللہ وڑائچ اور یونین کونسل کے چےئرمین بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران زمینی پانی استعمال کرنے والے کمرشل وانڈسٹریل یونٹس پر پانی کے استعمال پر ٹیکس کے نفاذ،ڈسٹرکٹ آفیسر(ریگولیشنز)کی ٹرانسفر ٹی اے گرانٹ،مالی سال 2017-18ء کا سالانہ گوشوارہ آمدن واخراجات برائے اطلاع و توثیق،یونین کونسل 189میں تعمیر پی سی سی کو سولنگ میں تبدیل کرنے سمیت دیگر امور ایوان میں منظوری کے لئے پیش کئے گئے جس کی ہاؤس نے بغیر کسی ترمیم کے منظوری دیدی۔چےئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ مختلف بائی لاز پر کمیٹی بنائی جارہی ہے اورکمیٹی کی رائے کے بعد پتھرتوڑنے کاکاروبار،پتھر کی رگڑائی اور سنگ مرمر کا مواد،جانوروں کی چربی کو ذخیرہ کرنا،اس کو پگھلانا،صفائی وفروخت،گیس والے غباروں کا کاروبار کرنے،جانوروں کو ذبح کرنے اورمذبح خانوں کی بحالی،مردہ جانوروں کی لاشوں کو ٹھکانے لگانے،پارکنگ،تجاوزات کی روک تھام ودیگر بائی لازمنظور کئے جائیں گے۔

Related posts