سوتیلے باپ نے کم سن بیٹے کو تشدد کرکے مار ڈالا


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد کے نواحی علاقے میں سوتیلے باپ نے دس سالہ بیٹے کو بھینسوں کو چارہ ڈالنے کا حکم ماننے سے انکار پر تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ تھانہ روڈالہ کے علاقے چک نمبر 272گ ب میں پیش آیا۔ مقتول کے حقیقی والد کی درخواست پر پولیس نے سوتیلے والد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ روڈالہ پولیس کو دی گئی درخواست میں ظہور نامی شخص نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی سابقہ بیوی زرینہ نے گاؤں ہی کے ایک شخص عارف سے دوسری شادی کر لی تھی۔ عارف نے اس کے دس سالہ بیٹے وقاص کو ڈنڈوں ،مکوں اورجوتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ وقاص نے اپنے سوتیلے والد کو بھینسوں کو چارہ ڈالنے سے انکار کیا تھا۔ تشدد سے وہ شدید زخمی ہوا ۔ اسے چلڈرن ہسپتال فیصل آباد لایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ ظہور احمد کی درخواست پر پولیس نے مقتول وقاص کے سوتیلے والد عارف کیخلاف ایف آئی درج کر لی ہے۔ تاہم ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

Related posts