سورج مکھی کے کاشت کاروں کیلئے محکمہ زراعت کی خصوصی ہدایات

فیصل آباد (نیوز لائن) محکمہ زر اعت کے زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ بہاریہ سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں چھوٹی سی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو سے تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں ۔اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں۔سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریںاگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی فصل کے پکنے کا انحصار اس کی قسم اور موسم پر ہوتا ہے لیکن فصل کو برداشت کرنے سے پہلے علامات کا خیال ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے ۔ پھول کی زرد پتیاںخشک ہوکر گر جائیں ۔سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کے لیے تیار ہوتی ہے۔

Related posts