سٹیٹ بنک کا طالبات کے اکاؤنٹس مفت کھولنے کا فیصلہ


فیصل آباد(نیوزلائن)سٹیٹ بنک آف پاکستان نے فیصل آباد میں طالبات کے اکاؤنٹس مفت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکاؤنٹ چھ ماہ تک بغیر رقم جمع کروائے اوپن ہی رہے گا ۔ جبکہ طالبات کو اس حوالے سے تربیت بھی دی جائے گی۔ نیوزلائن کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان نے یونیورسٹی طالبات کو مفت بنک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تجرباتی طور پر یہ سہولت جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبات کو دی جارہی ہے۔ جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں پائلٹ تجربہ کامیاب ہونے پر اسے ملک کی دیگر جامعات تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبات کے بنک میں کھلنے والے مفت اکاؤنٹ چھ ماہ تک ورکنگ رہیں گے جبکہ چھ ماہ کے بعد اکاؤنٹ چلانے کیلئے طالبات کو اس میں رقم جمع کروانی ہو گی۔ اس حوالے سے سٹیٹ بنک آف پاکستان کے فیصل آبادآفس کے چیف فنانس آفیسر محمد اکبر نے وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور سے گزشتہ روز ملاقات کی ۔ طالبات کوفنانشل اور فیلڈٹریننگ دینے کیلئے جی سی ویمن یونیورسٹی میں فنانشل لیٹریسی سیمینار 21دسمبر کو منعقد ہورہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے اس خصوصی کاوش پر سٹیٹ بنک آف پاکستان فیصل آبادکے چیف فنانس آفیسر محمد اکبرکا شکریہ ادا کیا۔

Related posts