شادی سکینڈل میں گرفتارچینی باشندوں کو جیل میں خصوصی پروٹوکول

فیصل آباد (نیوز لائن) شادی سکینڈل میں گرفتار چینی باشندوں کو جیل میں خصوصی پروٹوکول دئیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ چینی ملزمان کو عام قیدیوں سے ہٹ کر خصوصی سیل میں رکھا گیا ہے ۔ قیدیوں کی نسبت انہیں جیل میں تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ قیدیوں کی طرح انہیں بارکوں میں بھی بند نہیں رکھا گیا اور انہیں الگ سے ایک سیل میں بند کیا گیا ہے۔ جہاں انہیں بیڈ اور خصوصی طور پر صاف ستھرے بستر فراہم کئے گئے ہیں۔ انہیں پینے کیلئے منرل واٹر اور خصوصی خوراک دی جارہی ہے۔ جیل کے عملے کو بھی چینی باشندوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ انہیں اخبار اور مطالعہ کیلئے کتب و رسائل بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ جیل حکام کے مطابق چینی باشندوں کے ساتھ خصوصی سلوک اعلیٰ حکام کی ہدائت پر روا رکھاگیا ہے۔ اعلیٰ حکام نے یہ بھی ہدائت جاری کی ہیں کہ چینی باشندوں کو عام قیدیوں کے ساتھ نہ رکھا جائے اور پاکستانی قیدیوں کو ان کے ساتھ میل جیل کی بھی اجازت نہ دی جائے۔

Related posts