شمس اسلام ناز میڈیا ایوارڈ اور سٹوڈنٹ سکالر شپ شروع کرنے کا اعلان


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس نے ملک کے نامور صحافی اور سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے شمس الاسلام نازکے نام سے میڈیا ایکسیلنسی ایوارڈ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایوارڈ ہر سال پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی مختلف کیٹگریز میں ان کی برسی کے موقع پر دیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ مستحق طلبہ کو ان کے نام سے سکالر شپ بھی دئیے جائیں گے اور ان کی کتابوں کوبھی شائع کروایا جائیگا۔ اس کا علان ایف یو جے کے زیراہتمام شمس الاسلام ناز کے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر کیا گیا۔شمس الاسلام ناز کے نام سے سکالر شپس‘ میڈیا ایوارڈ اور کتب کی اشاعت کی تجاویز سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم‘ سابق صدر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس اجمل ملک اور سابق اسسٹنٹ سیکرٹری پی ایف یو جے حامد یٰسین نے دیں۔ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری ندیم جاوید نے موقع پر ان تجاویز پر عمل کرنے کا اعلان کیا اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین پیمرا اور مرحوم شمس اسلام ناز کے قریبی دوست ابصار عالم نے کہا کہ شمس اسلام ناز نے پاکستان کی صحافت کو نئی جہتیں دیں۔ انہوں

نے فیصل آباد سے عالمی سطح کی رپورٹنگ کی۔ فیصل آباد جیسے چھوٹے صحافتی مرکز سے تعلق ہونے کے باوجود ان کا پی ایف یو جے کا سیکرٹری جنرل بن جانا شمس الاسلام ناز کیلئے نہیں پی ایف یو جے کیلئے اعزاز کی بات تھا۔ شمس اسلام ناز نے صرف صحافت میں ہی نام نہیں کمایا بلکہ وہ ایک بہت اچھے اور درد دل رکھنے والے انسان تھے اور انہوں نے تمام عمر انسانی حقوق‘ پسے ہوئے طبقات کی بالادستی‘ ٹریڈ یونین‘ حق سچ کا پرچم بلند کرنے کیلئے عملی کام کیا۔ اس موقع پر سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اور مرحوم شمس اسلام ناز کے بچپن سے بڑھاپے تک کے ہمسائے میاں محمد ادریس نے کہا کہ شمس الاسلام ناز کی شخصیت کے بہت سے روشن پہلو عوام سے چھپے ہوئے ہیں۔ وہ عوامی فلاح کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے اور پسے ہوئے لوگوں کی آواز بننے کیلئے خود کوشش کرکے میدان میں کود پڑتے تھے۔ انہوں نے شمس اسلام ناز کے نام سے اپنے کالج میں فوری سکالر شپس شروع کرنے کا اعلان کیا جبکہ ان کے نام پر دیگر اقدامات میں بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کا مرس ضیاء علمدار شاہ نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے نام سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انسانی حقوق کے کاموں ‘ پسے ہوئے طبقات کی آواز بلند کرنے ‘ سیاسی اور شخصی آزادیوں اور ٹریڈ یونین میں ان کے ساتھ دہائیوں سے کام کرنیوالی شخصیات امینہ زمان‘ زمان خان‘ عارف ایاز‘ اسلم وفا‘ میاں شہباز‘ رانا احمد علی‘ بابا لطیف‘ بدر الدین چوہدری‘ رانا نعیم دستگیر‘ وحید خالق رامے‘ ملک امجد حسین‘ جاوید صدیقی‘ ڈاکٹر خرم سہیل راجہ‘ ڈاکٹر جلال عارف‘ راؤ محمد اقبال‘ چوہدری صفدر حسین‘ شیخ سلطان محمود‘ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔پی ایف یو جے کے خزانچی وسیم فاروق شاہد اور سابق نائب صدر نواز طاہر نے بھی مرحوم شمس الاسلام ناز کی صحافیوں‘ صحافت‘ میڈیا انڈسٹری اور پی ایف یو جے کیلئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر ایف یو جے طاہر رشید ‘ سابق صدر اجمل ملک ‘ سینئر صحافی محمد شفیق‘ سابق جنرل سیکرٹری قدیر سکندر‘ جوائنٹ سیکرٹری ذیشان خان‘ سابق جوائنٹ سیکرٹری نورالامین نے بھی اس موقع پر مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

Related posts