شہباز شریف دور میں سینکڑوں پٹواریوں کی تعیناتیاں غیرقانونی نکلیں


فیصل آباد(ندیم جاوید)شہباز شریف کے دس سالہ دور حکومت میں پنجاب بھر میں تعینات سینکڑوں پٹواریوں کی تعیناتیاں اور تبادلے غیرقانونی نکلے۔ پٹواریوں کی غیرقانونی ٹرانسفر ‘ پوسٹنگ میں میاں شہباز شریف کے انتہائی چہیتے وزراء‘ سیاسی شخصیات ‘ ن لیگی عہدیدار غیرقانونی تبادلے اور تعیناتیاں کروانے میں ملوث ہیں۔پٹواریوں کے غیرقانونی تبادلے کروانے کیلئے سفارشیں کرنے والوں میں بڑ ے بڑے سیاسی اور حکومتی نام ملوث پائے جارہے ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق پنجاب بھر میں بہت بڑی تعداد میں پٹواریوں کی تعیناتیاں غیرقانونی کی گئی ہیں اور ان کے تبادلے بھی قوانین کو نظر انداز کرکے کئے جارہے ہیں۔ نیوزلائن کے ملنے والے ریکارڈ میں سامنے آیا ہے کہ شہباز شریف کے دس سالہ دور میں ریونیو عملہ اور خاص طور پر پٹواریوں کے تبادلوں ‘ تعیناتیوں میں ریونیو قوانین کو روندا جاتا رہا ہے۔ سیاسی پشت پناہی کی وجہ سے قوانین کو نظر انداز کرکے پٹواریوں کے دوسرے علاقوں میں تبادلے کئے گئے۔ ان کے جائے تعیناتی کے حوالے سے قواعد کو نظر انداز کیا گیا اور سیاسی افراد کی خواہشات کے مطابق تبادلے کئے جاتے رہے۔ نیوزلائن کے مطابق پٹواریوں کے غیرقانونی تبادلوں کے حوالے سے مختلف محکمو ں کے سیکرٹری‘ کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز‘ اے ڈی سی ریونیو‘ اے ڈی سی فنانس‘ اسسٹنٹ کمشنرز‘ اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹس کے ڈائریکٹرزسمیت متعدد افسران قوانین کو روندنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔جبکہ بڑے بڑے’’ نیک نام‘‘ سیاسی اور حکومتی افراد کے نام بھی پٹواریوں کے غیرقانونی تبادلے کروانے میں ملوث رہے۔ ذرائع کے مطابق پٹواریوں کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے قوانین بالکل واضح اور دوٹوک ہونے کے باوجود سابق دور میں سیاسی شخصیات کی پشت پناہی اور خواہشات پر غیرقانونی تبادلے کرکے اعلیٰ افسران بھی اس میں اپنا حصہ ڈالتے رہے۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب کے کسی ایک ضلع میں پٹواریوں کی ٹرانسفر ‘ پوسٹنگ قانون کے مطابق نہیں ہے۔ ہر علاقے میں اس حوالے سے قوانین کی خلاف ورزیاں ہوتی رہی ہیں اور ابھی تک یہ سلسلہ رک نہیں سکا۔قوانین کو نظر انداز کرکے غیرقانونی اور من پسند تعیناتیاں حاصل کرنیوالے پٹواری ابھی تک اپنا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکومتی پارٹی بدلتے ہی سفارشی نام بدل کر پروانے کھیل کو نئے ناموں اور نئے سفارشیوں کے ساتھ کھیلنے اور اپنا کرپشن کا’’ٹھکانہ‘‘ بچانے کے چکر میں ہر طرح کی گیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Related posts