شہباز شریف کا شاہی فرمان‘کلاس رومزمنصوبہ کھٹائی میں پڑگیا


فیصل آباد (ندیم جاوید)وزیراعلیٰ پنجاب کے شاہی فرمان کی وجہ سے سرکاری سکولوں میں نو سو سے زائد نئے کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیاہے۔ جبکہ منصوبے کی لاگت میں بھی تیس کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے۔دو سال سے نئے کلاس رومز کے منصوبے کے ٹینڈرز کی نیلامی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی۔نیوزلائن کے مطابق پنجاب حکومت نے فیصل آباد ریجن کے علاقوں فیصل آباد‘ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ کے سکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ۔ سال 2016میں بنائے اس منصوبے کیلئے ایک ارب73کروڑ10لاکھ روپے کے فنڈز دوسال پہلے سے مختص ہیں۔ اس کیلئے ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ بھی ہو چکا ہے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے شاہی فرمان کے تحت محکموں کو پابند کردیا کہ پونے دو ارب روپے کے اس منصوبے کا ٹینڈر اکٹھا ہی دیا جائے اور ایک ہی فرم کو دیا جائے۔ دو سال میں متعدد مرتبہ اس کی ٹینڈرنگ کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے مگر کوئی بھی فرم پونے دو ارب روپے کے اس منصوبے کو اکٹھا لینے پر تیار نہیں ہے۔دو سال سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔سکولو ں میں نئے کلاس رومز تعمیر نہیں ہو پا رہے جبکہ تاخیر کی وجہ سے منصوبے کی لاگت میں بھی تیس کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ متوقع ہے۔

Related posts