شہباز شریف کے10 چہیتے ڈپٹی کمشنرز میں سلمان غنی بھی شامل


فیصل آباد ( نیوزلائن)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دس چہیتے ڈپٹی کمشنرزمیں ڈی سی فیصل آباد سلمان غنی کا نام بھی شامل ہے۔ سلمان غنی کے علاوہ اس لسٹ میں لاہور ‘قصور ‘ گجرات ‘منڈی بہاؤالدین‘ راولپنڈی ‘ بھکر ‘ جھنگ ‘ رحیم یار خاں اور بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنر شامل ہیں۔فیصل آباد ڈویژن میں چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ سرگودھا ڈویژن کے چارمیں سے تین اضلاع سرگودھا‘ خوشاب ‘ میانوالی کے ڈی سی اس حوالے سے شہباز شریف کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔جنوبی پنجاب میں ناقص کاکردگی کی وجہ سے وہاں کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی وزیر اعلیٰ کا اعتماد نہ جیت سکے ۔ صرف رحیم یار خاں اور بہاولنگر کے ڈی سی چہیتے ڈپٹی کمشنرز کی لسٹ میں جگہ بنا سکے۔ جنوبی پنجاب کے اہم اضلاع بہاولپور‘ ملتان‘ ڈی جی خاں‘ لیہ ‘ مظفر گڑھ‘ راجن پور‘ خانیوال‘ لودھراں‘ وہاڑی‘ پاکپتن‘ ساہیوال کے ڈی سی وزیراعلیٰ کی گڈ بک میں شامل نہ ہوسکی جس کی بڑی وجہ ان کی ناقص کارکردگی اور ان علاقوں میں وزیراعلیٰ کیلئے اہداف حاصل کرنے میں ناکامی بتائی جاتی ہے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی گڈ بک میں شامل ہونے والے دس ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی انعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کیلئے خصوصی تقریب لاہور میں ہورہی ہے۔ شیلڈز اور شاباش کے علاوہ ان ڈپٹی کمشنرز کو نقد انعام بھی دیا جائے گا۔

Related posts