شہری ڈینگی لاروا کیخلاف موثر کردار ادا کریں:محکمہ صحت



فیصل آباد(نیوزلائن)ضلعی محکمہ صحت کی طرف سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے ذمہ داری کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ رواں موسم ڈینگی لاروا کی افزائش کے لئے موزوں ہونے کے ناطے اس کی روک تھام کے سلسلے میں احتیاطی اقدامات ناگزیرہیں۔یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹربلال احمد نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں سرویلنس سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کے انسداد کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور ان ڈور وآؤٹ ڈور مقامات کو باقاعدگی سے چیک کیا جارہا ہے لیکن انسداد ڈینگی کے حوالے سے شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے لہذا وہ گھروں میں کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔اےئر کولرز، گملوں، کیاریوں، چھتوں، پانی کی ٹینکیوں کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں تاکہ ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے۔دریں اثناء اینٹی ڈینگی ٹیموں نے کباڑخانوں،ٹائر شاپس،قبرستانوں اور دیگر مقامات پر ڈینگی لاروا کی افزائش کو چیک کیا اور مشتبہ جگہوں کی کیمیکل ٹریٹمنٹ کی گئی۔

Related posts