عمران خان فیصل آباد ہائیکورٹ بنچ کے قیام کا اعلان کریں: ملک امجد


فیصل آباد(طاہررشید) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فیصل آباد ڈویژن میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے سلسلہ میں چار اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کا اجلاس صدر بار امجد حسین ملک کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں سیکرٹری کے فرائض چوہدری محمد رہیل ظفر کینتھ ایڈووکیٹ نے انجام دیئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم پاکستان وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی و صوبائی وزراء اور فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تمام ممبران اسمبلی سے ہر ضلع میں ملاقاتیں کر کے انہیں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر آمادہ کیا جائیگا اور ہر ہفتے کو ہڑتال کرنے کے علاوہ ضلع و تحصیل سطح پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو یادداشت جمع کروائی جائیگی۔ بعد ازاں صدر بار ملک امجد حسین ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے راولپنڈی، ملتان، لاہور، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسمعیل خاں، مینگورہ، حیدر آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر متعلقہ ہائی کورٹس کے علاقائی بینچ بنائے ہیں لیکن ملک کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی ڈویژن فیصل آباد کو آج تک اس کا بنیادی حق نہ دیا ہے بے شمار دفعہ وعدے بھی کئے گئے لیکن اُن پر عملدرآمد نہ ہوا۔ انہوں نے عمران خان سے اپیل کی کہ فوری طور پر ذاتی دلچسپی لیکر فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا اعلان کریں۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے بار ایسوسی ایشن کے صدور و سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔

Related posts