غفلت بند کرو:ضلعی انتظامیہ کی پولیو ٹیموں کو آخری وارننگ


فیصل آباد (نیوز لائن) ضلع میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کے قومی فریضہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس ضمن میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔چیف ایگزیکٹو آفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد، محکمہ صحت کے دیگرڈاکٹرز،پختون آبادیوں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے اہداف کے سو فیصد نتائج حاصل ہونے چاہیں۔اس سلسلے میں پولیو ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو تلاش کرکے انہیں حفاظتی قطرے پلائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر پولیو مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت مختلف علاقوں کا اچانک دورہ بھی کریں گے لہذا غیر ذمہ داری سے گریز کیا جائے تاکہ کارروائی کی نوبت نہ آئے۔انہوں نے ایریا انچارجز سے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے متعلق تصدیق کریں اور حقائق پر مبنی رپورٹس پیش کی جائیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

Related posts