فلور ملز نے یوٹیلٹی سٹورز کو ”رمضان پیکج” آٹے کی سپلائی روک دی


فیصل آباد (نیوز لائن) فلور ملز نے فیصل آباد کے یوٹیلٹی سٹورز کو آٹے کی سپلائی روک دی ہے۔ جس سے یوٹیلٹی سٹورز پر سستے آٹے کی فراہمی متاثر ہونے لگی ۔ فلور ملز نے آٹے کی سپلائی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف اپنے واجبات کی عدم ادائیگی کو جواز بنا کر رمضان پیکج کے آٹے کی سپلائی بند کی ہے اور اپنے واجبات کی ادائیگی ہونے تک سپلائی بحال نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ نیو زلائن کے مطابق فیصل آباد میں یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج سستے آٹے کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ فیصل آباد کی تمام فلور ملز نے یوٹیلٹی سٹورز کی طرف واجب الادا اپنی رقوم کی عدم ادائیگی کو جواز بنا کر سستے آٹے کی سپلائی روک دی ہے۔ فلور ملز اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تنازعہ میں عام آدمی کو رمضان پیکج کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔ اس حوالے سے فلور ملز کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ان کا کروڑوں روپے کا نادہندہ ہے۔ جب تک انہیں سابقہ ادائیگیاں نہیں کی جائیں گی وہ آٹے کی سپلائی بحال نہیں کریں گے۔ جبکہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن فیصل آباد کے حکام ادائیگیوں کے حوالے سے خود کو بے بس ظاہر کرتے ہیں اور عدم ادائیگیوں کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو قرار دیتے ہیں۔

Related posts