فیصل آباد پارکنگ کمپنی میں کروڑوں کے گھپلے ‘کوئی ایکشن لینے کو تیار نہیں


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد پارکنگ کمپنی میں کروڑوں روپے کی کرپشن سامنے آنے کے باوجود کوئی ادارہ یا اعلیٰ آفیسر کرپٹ افسران کے خلاف ایکشن لینے کو تیار نہیں ۔ انٹی کرپشن حکام آنکھیں اور کان بند کئے بیٹھے ہیں‘ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر مکمل لاتعلق، میئر پراسرار خاموشی اختیار کئے جبکہ وزارت ہاؤسنگ و بلدیات کے سیکرٹریز اس معاملے سے جان بچانے کے چکر میں ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد پارکنگ کمپنی میں کروڑوں روپے کی کرپشن سامنے آچکی ہے۔ کمپنی کے غیرقانونی پارکنگ پوائنٹس بھی چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پارکنگ پلازہ کیلئے بھی اڑھائی سال میں کمپنی نے ایک پائی نہیں دی۔ کمپنی کی اڑھائی سال کی آمدن پراسرار طور پر غائب پائی جا رہی ہے۔ اڑھائی سالوں میں پارکنگ کمپنی نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سمیت کسی متعلقہ ادارے کو آمدن میں سے اس کا حصہ نہیں دیا۔ کروڑوں روپے کا ہیر پھیر کیا جا چکا ہے مگر اس سب کے باوجود کوئی آفیسر یا ادارہ کمپنی کی کرپشن کیخلاف ایکشن لینے کو آمادہ نہیں ہے سب متعلقہ حکام پراسرار خاموش اختیار کئے ہوئے اور اس معاملے میں اپنی جان بچانے کی کوشش میں ہیں جبکہ قومی خزانے کو پارکنگ کمپنی کے حکام مسلسل نقصان پہنچائے جا رہے ہیں۔

Related posts

Leave a Comment