فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے سلیکشن نما الیکشن کا عمل جاری


فیصل آباد (نیوز لائن ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سلیکشن نما الیکشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ مجلس عاملہ کی خالی ہونے والی تمام نشستوں پر چیمبر آف کامرس پر قابض گروپ نے ’’بلامقابلہ ‘‘ ہی سلیکشن مکمل کر لی ۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ‘ سینئر نائب صدر اور نائب صدر پر انتخاب بھی بغیر پولنگ اور انتخابی عمل کے ہی مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔مجلس عاملہ کی خالی پندرہ نشستوں پر بغیر الیکشن ہی انتخاب کر لینے کا اعلان چیمبر آف کامرس کی الیکشن کمیٹی نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ الیکشن کمیشن کے سینئر رکن مزمل سلطان اور دیگر ممبران نے بتایا کہ کارپوریٹ کلاس کی سات نشستوں پر مسلم لیگ ن کے نومنتخب ایم پی اے شفیق احمد گجر کے بھائی چوہدری حبیب احمد گجر ( میسرز زم زم ٹیکسٹائل اینڈ انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ) ‘ ثاقب مجید ( میسرز مجید فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ) ‘ ہمایوں قیصر ( میسرز ایچ اے حق سپننگ ملز ( پرائیویٹ لمیٹڈ) ، احسن شاہد سکا ( میسرز کارس پینٹ انڈسٹریز ) ‘ عاصم منیر ( میسرز زیڈ اے ٹیکسٹائل انڈسٹری )‘ ظفر اقبال سرور ( میسرز زیڈ آئی ایس ٹیکسٹائل انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ) اور سید ضیاء علمدار حسین ( میسرز فیشن اینڈ ٹریڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ) کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔ایسوسی ایٹ کلاس کی سات نشستوں پر میاں محمد سلیم ( میسرز سلیم ہوزری) ، حبیب الرحمن گل ( میسرز گل ٹریڈرز) محمد اکرام اللہ ( میسرز لائلپور کاٹن ملز ڈپو، محمد ادریس ( میسرز ادریس فیبرکس )، بلال وحید ( میسرز وحید ایجنسیز)، محمد سعید ( میسرز سعید ٹریڈرز)، محمد سعید اقبال ( میسرز زیک ایسوسی ایٹس) کامیاب قرار پائے ہیں۔خواتین کی ایک مخصوص نشست پرمسز روبینہ امجد ( میسرز للی فیبرکس ) کامیاب ہوگئیں۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد چیمبر آف کامرس پر قابض گروپ ہر صورت اپنا قبضہ نما اقتدار قائم رکھنے کیلئے کوشاں رہتا ہے۔ اس کیلئے چیمبر کی ممبر شپ میں کانٹ چھانٹ اور ممبران کی معطلی سمیت ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے۔ الیکشن میں من پسند امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھی ہر ممکن اقدام اٹھایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ انتخاب میں بھی خالی کارپوریٹ کلاس کی سات ‘ ایسوسی ایٹ کلاس کی سات اور خواتین کی ایک نشست کیلئے ابتدائی طور پر 21 ممبران نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ کارپوریٹ کلاس کی سات نشستوں کیلئے آٹھ امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں برسراقتدار گروپ کے ’’گروپ لیڈر‘‘ سابق صدر چیمبر میاں محمد ادریس نے تین امیدواروں پر کوشش کی کہ ان میں سے کوئی ایک اپنے کاغذواپس لے لے مگر ایسا نہ کرسکے۔ جس پر امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب کروانے کیلئے میاں ادریس نے اپنے کاغذات ہی واپس لے لئے ۔ایسوسی ایٹ کلاس کی سات خالی نشستوں کیلئے بارہ امیدوار میدان میں کود پڑے تھے مگر گروپ لیڈر نے چار امیدواروں کو کاغذ واپس لینے پر رضامند کرلیا ۔ ایک امیدوار کاغذ واپس لینے پر راضی نہ ہوا تو اس کے کاغذ مسترد کردئیے گئے۔ جبکہ اسے کاغذ مسترد کئے جانے پر اپیل کا حق بھی نہ دیا گیا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کے چناؤ کیلئے سالانہ اجلاس عام کا اعلان 29ستمبر کو کیا گیا ہے ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عہدیداروں کا چناؤ بھی بلامقابلہ کیا جائے گا ۔ اگر کوئی امیدوار مقابلے میں آیا تو اسے کاغذ واپس لینے پر مجبور کردیا جائے گا۔ یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چیمبر کا صدر کارپوریٹ کلاس سے ہی ہوگا ۔ جبکہ خواتین ممبران کو بھی عہدیداروں کے انتخابی عمل سے دور رکھنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

Related posts