فیصل آباد ڈویژن میں 15 نئے ویمن پولیس سٹیشن بنانے کا منصوبہ

فیصل آباد (عاطف چوہدری) خواتین کیخلاف جرائم میں اضافے کے پیش نظر فیصل آباد ڈویژن میں 15 نئے ویمن پولیس سٹیشن بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ویمن پولیس سٹیشن تحصیل سطح پر بنانے کا منصوبہ آر پی او فیصل آباد نے دیا ہے اور ڈویژن کے چاروں ڈی پی اوز کو اس بارے سفارشات بھجوانے کی ہدائت کی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق آر پی او فیصل آباد نے ریجن کے چاروں ڈی پی اوز کو ہدائت کی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع کی تمام تحصیلوں میں ویمن پولیس سٹیشن بنانے کی فزیبلٹی بناکر بھجوائیں۔فیصل آباد ریجن میں 16 تحصیلیں ہیں جبکہ صرف ایک ویمن پولیس سٹیشن تحصیل فیصل آباد میں قائم ہے۔ فیصل آباد کی دیگر تحصیلوں جڑانوالہ’ جھمرہ’ تاندلیانوالہ’ سمندری میں ویمن پولیس سٹیشن نہیں ہے۔ ضلع جھنگ کی چار’ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی چار اور چنیوٹ کی تین تحصیلیں ہیں اور کہیں بھی ویمن پولیس سٹیشن نہیں ہیں۔ آر پی او فیصل آباد کے مجوزہ منصوبہ پر عمل درآمد ہوا تو فیصل آباد ریجن میں 15نئے ویمن پولیس سٹیشن بنانا ہونگے۔ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ خواتین کیخلاف جرائم میں اضافے کے پیش نظر بنایا گیا ہے تاکہ خواتین کو قانونی کارروائی کرنے میں آسانی ہو۔

Related posts