فیصل آباد کی یونین کونسلز کے ملازمین عید پر تنخواہ سے محروم

فیصل آباد (نیوز لائن) حکام کی غفلت کے باعث فیصل آباد کی346یونین کونسلز کے گیارہ سو ملازمین عید الفطر پر تنخواہوں سے محروم ہوگئے بنک حکام کی طرف سے یوسی ملازمین کو تنخواہوں کے اجراء کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالحمید کو بائیو میٹرک ویریفکیشن کروانے کی ہدایت کی گئی تھی مگر ڈپٹی ڈائریکٹر کی معطلی کے باعث ملازمین کی تنخواہوں کیلئے بروقت ویریفکیشن نہ ہوسکی اور اس سلسلہ میں محکمہ کے دیگر افسران نے بھی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا بنک حکام کے مطابق یونین کونسلز کے بیشتر اکاؤنٹس آج بھی چیئرمینوں کے نام ہیں اس لئے ڈائریکٹر یا ڈپٹی ڈائریکٹر کی تصدیق کروانا لازمی تھا مگر کسی بھی افسر نے اس موقع پر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیا اور تین روز قبل آنے والے نئے ڈائریکٹر بھی اس سلسلہ میں کچھ نہ کرسکے جسکے باعث346 یونین کونسلز کے تقریبا گیارہ سو ملازمین عید پر تنخواہوں سے محروم رہیں گے جبکہ یونین کونسلز کے بیشتر ملازمین کو ماہ اپریل کی بھی تنخواہ نہیں ملی تھی حکام کی عدم دلچسپی نے ملازمین کی عید کی خوشیاں پھیکی کردی ہیں حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو گذشتہ روز 31مئی تک تنخواہیں ادا کرنے کے احکامات دیئے تھے مگر حکام کی عدم دلچسپی نے یوسی ملازمین کو تنخواہوں سے محروم کردیا جبکہ تنخواہیں نہ ملنے پر سیکرٹریز اینڈ سٹاف ایسوسی ایشن فیصل آباد نے آج صبح10بجے ضلع کونسل چوک میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Related posts