فیصل آباد کے 3 ایم پی اے بھی ن لیگ کے غداروں میں شامل


فیصل آباد(احمد یٰسین)شہباز شریف سے غداری کرکے چوہدری پرویز الٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی کا ووٹ دینے والے ن لیگ کے 15غداروں میں سے تین فیصل آباد کے ایم پی اے بھی شامل ہیں۔تینوں ایم پی اے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اور ان میں سے دو مشرف دور میں ق لیگ میں بھی شامل رہے ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں ووٹ دینے والوں میں مسلم لیگ ن کے فیصل آباد کے تین ایم پی اے بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 15ن لیگی ایم پی ایز نے پرویز الٰہی کو ووٹ دیا۔ پیپلزپارٹی نے الیکشن کا بائیکاٹ کرکے اپنے ایم پی ایز کی وفاداری پر شکوک لگنے کا عمل ختم کردیا۔ پی پی پی کے ووٹ ڈالنے کی صورت میں مسلم لیگ ن کے 15ایم پی ایز کی غداری واضح نہیں ہونی تھی۔ مسلم لیگ ق کے ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ دینے والے 15ن لیگی ایم پی ایز میں سے تین کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ ان میں سے دو ماضی میں مسلم لیگ ق میں بھی رہے ہیں جبکہ حالیہ الیکشن میں وہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر فیصل آباد کے دیہاتی حلقوں سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ ایک ایم پی اے فیصل آباد شہر کا ہے اس کا تعلق پراپرٹی بزنس سے ہے اور مونس الٰہی سے اس کے روابط بتائے جا رہے ہیں اور وہ پہلی بار اسمبلی میں پہنچا ہے۔ تینوں ایم پی ایز رانا ثناء اللہ گروپ کے بتائے جا رہے ہیں ۔

Related posts