مئیر فیصل آباد رزاق ملک کے پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے رابطے


فیصل آباد(احمد یٰسین) مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے میئر فیصل آباد رزاق ملک اور ان کے بھائی سابق ایم پی اے نواز ملک نے مسلم لیگ ن سے اپنی دیرینہ وابستگی ختم پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے رابطے کرنا شروع کردئیے ہیں۔ دونوں بھائی اس حوالے سے گورنر پنجاب اور صوبائی وزیر بلدیات علیم خان سے رابطے میں ہیں جبکہ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنما انہیں اپنی پارٹی میں لانے کیلئے رابطہ کار کے طور پرکردار ادا کررہے ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی کا بلدیاتی سیاست میں سرگرم دھڑا ملک برادران کی پی ٹی آئی میں شمولیت روکنے کیلئے سرگرم ہے۔ نیوزلائن کے مطابق میئر فیصل آباد رزاق ملک اور ان کے بھائی سابق ایم پی اے نواز ملک پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ دونوں بھائیوں کے مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت سے اختلافات پرانے ہیں تاہم ان کی میاں نواز شریف سے وابستگی دو دہائیوں سے بھی پرانی ہے۔ فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد اور سابق ایم این اے اکرم انصاری کیساتھ نواز ملک کے عام انتخابات کے دوران ہی اختلافات سامنے آنے لگے تھے۔ ن لیگ کے اہم رہنما رانا ثناء اللہ خاں کیساتھ انکے اختلافات عام انتخابات سے پہلے ہی سامنے آگئے تھے مگر الیکشن کی وجہ سے وہ خاموشی اختیار کئے رہے۔ شہباز شریف کے دور اقتدار کے آخری دنوں میں انہوں نے رانا ثناء اللہ کا دھڑا چھوڑ کر چوہدری شیر علی گروپ میں جانے کا بھی فیصلہ کیا قریب تھا کہ وہ اسکا اعلان بھی کردیتے مگر اس وقت کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے کسی’’ خفیہ پتے ‘‘نے کام دکھا دیا اور عین آخری لمحات میں وہ خاموشی اختیار کرگئے۔ عام انتخابات کے سیاسی منظر تبدیل ہوتے ہی وہ رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت سے دور ہوتے گئے۔ گزشتہ چند ماہ سے پی ٹی آئی کے چند رہنماؤں کی کوششوں سے دونوں بھائیوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میئر فیصل آباد رزاق ملک اور نواز ملک کا پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان بہت جلد متوقع ہے۔ اس کیلئے وہ مناسب وقت کا انتظار کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی کوششوں سے دونوں بھائیوں کے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور سینئر صوبائی وزیر علیم خان کیساتھ معاملات طے پا چکے ہیں اور کسی وقت ان کی طرف سے شمولیت کا اعلان ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد شہر سے علق رکھنے والے تین ایم این ایز اور تین ایم پی ایز بھی ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ پی ٹی آئی کی فیصل آباد شہر کی قیادت بھی نواز ملک اور رزاق ملک کی پارٹی میں شمولیت کی راہیں ہموار کررہی ہے اور اسے پی ٹی آئی کی مقامی سیاست کیلئے انتہائی مفید قرار دے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مقامی سیاست میں سرگرم رہنما اس کی مخالفت کررہے ہیں ۔ اور دونوں بھائیوں کی پارٹی میں شمولیت رکوانے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔

Related posts