میرج ایکٹ کی خلاف ورزی: لیگی ایم پی اے سمیت متعدد افراد کیخلاف کارروائی


فیصل آباد(نیوزلائن)اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ن لیگی ایم پی اے رانا علی عباس سمیت متعدد افراد کو پکڑ لیا اور ان کیخلاف مقدمہ کے اندراج کا حکم دیدیا۔ نیوزلائن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم نے میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کی مسلسل شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران سلور سپون ریسٹورنٹ میں ون ڈش کی خلاف ورزی پکڑی گئی ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے زائد ڈشز قبضے میں لے کر ایس او ایس ویلج بھجوا دیں۔ کنال روڈ پر کارروائی کے دوران مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا علی عباس کے لائلپور جم خانہ میں میاں شہباز شریف کے بنائے قانون کے مطابق رات دس بجے تک تقریب کا اختتام نہ کیا گیا تھا ۔جبکہ ون ڈش قانون کے بھی پابندی نہیں کی جارہی تھی۔جس پر اے سی نے ان کیخلاف کارروائی کی اور لائلپور جم خانہ کے مالک رانا علی عباس اور منیجر اظہر علی کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے ایس ایچ او منصور آباد کو ہدایات جاری کردی گئیں۔ ایسی ہی صورتحال وکٹورین میرج ہال میں پائی گئی ۔ اے سی سٹی نے وکٹورین کے مالک باؤ قمر جاوید اور منیجر مزمل حسین کیخلاف بھی مقدمہ کے اندراج کیلئے ایس ایچ او منصور آباد کو حکم جاری کردیا۔ زوم میرج ہال میں بھی ایسی ہی صورتحال سامنے آئی تو اس کے مالک اور منیجر کیخلاف بھی مقدمہ کے اندراج کا حکم دیدیا گیا۔ اس حوالے سے اے سی سٹی ڈاکٹر انعم کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالے کسی صورت قابل معافی نہیں ہیں۔ حکومت نے یہ قانون عام آدمی کی بھلائی کیلئے بنایا ہے اس پر عمل درآمد کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی کیساتھ رعائت نہیں برتی جائے گی۔

Related posts