میڈیا ورکرز رائٹس موومنٹ: فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کا احتجاجی کیمپ


فیصل آباد(نیوزلائن)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی تحریک حقوق میڈیا ورکرز کے سلسلے میں فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس نے شہر کے مرکزی ضلع کونسل چوک میں دو روزہ احتجاجی کیمپ لگایا ۔ احتجاجی کیمپ کی قیادت ایف یو جے کے صدر طاہررشید نے کی۔سیاسی رہنماؤں‘ لیبر لیڈرز‘ تاجروں‘ صنعتکاروں‘ اساتذہ‘ سول سوسائٹی کے نمائندوں‘ یونیورسٹی طلبہ‘ کسان تنظیموں نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور صحافیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ میڈیا لائرز سول سوسائٹی فورم کے کنونیئر شیخ سلطان محمود نے ایف یو جے کے احتجاجی کیمپ کیلئے خصوصی تعاون کیا اور کیمپ کے انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کیا

ایف یوجے کے احتجاجی کیمپ سے سینئر وکیل اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک امجد حسین ‘ سیکرٹری بار روہیل ظفر کینتھ‘ مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی میاں عبدالمنان‘ خالدہ منصور‘ ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی شیخ اعجاز احمد‘پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی شیخ خرم شہزاد ‘ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب‘ ڈاکٹر حسن مسعود‘ سلمان عارف‘ ‘ سٹی صدر پاکستان پیپلز پارٹی کے سٹی صدر رانانعیم دستگیر خاں‘سٹی سیکرٹری اطلاعات ملک سعید ساجد‘عبدالوحید چوہدری‘ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنماؤں رانا احمد علی‘ میاں شہباز احمد‘ صدر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن صفدر حسین ‘ صدر پاور لومز اونرز ایسوسی ایشن وحید خالق رامے‘ سول سوسائٹی کے نمائندے طاہر اقبال‘چیئرمین پی ٹی سی ایل لیبر یونین زاہد دبیر ملہی ‘سابق چیئرمین پنجاب بورڈز ایمپلائز ایسوسی ایشن خالد جاوید نیازی‘ لیبر قومی موومنٹ کے رہنماؤں اسلم معراج ‘بابا لطیف‘ممبر ضلعی امن کمیٹی حبیب اللہ وڑائچ‘ صدر پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت لودھی‘ صدر پنجاب ٹیچرز ایسوسی ایشن حافظ غلام محی الدین‘ چیئرمین سنیئر سٹاف ایسوسی ایشن حافظ عبدالناصر‘ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما ڈاکٹر خرم راجہ‘ تاجر رہنماؤں ایوب اسلم منج ‘ راؤ سکند اعظم‘ حاجی عابد‘ حاجی انور‘ سید فدا حسین ‘ نعیم اللہ ہندل‘ رانا اکرام نے ایف یو جے کیمپ میں شرکت کی اور میڈیا ورکرز رائٹس موومنٹ میں ہر طرح کا تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ممبرز قومی اسمبلی میاں عبدالمنان اور خالدہ منصور نے یقین دہانی کرائی کہ وہ صحافیوں کے مسئلے پر قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے‘ اس کیلئے قرار داد لائی جائے گی اور اپنی پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے بات کرکے اسے منظور بھی کروائیں گے۔احتجاجی کیمپ سے ایف یو جے کے صدر طاہر رشید‘جنرل سیکرٹری ندیم جاوید‘سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے شمس الاسلام ناز‘ سابق اسسٹنٹ سیکرٹری پی ایف یو جے حامد یٰسین‘ سابق صدر ایف یو جے اجمل ملک‘ ممبر ایف ای سی جاوید صدیقی‘سابق جنرل سیکرٹری ایف یو جے قدیر سکندر‘نائب صدر ایف یو جے مرزا جاوید اقبال‘فنانس سیکرٹری منظور عالم ایاز‘جوائنٹ سیکرٹریز نورالامین و ذیشان خان‘ سابق نائب صدر عبداللہ مسعود‘ میاں افتخار احمد‘ وسیم نواز‘ نعمان اشرف‘ نعمان بھٹی‘ رانا ذوالفقار‘ عاطف چوہدری و دیگر سینئر ممبران نے خطاب کیا ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ فیصل آباد سمیت ملک بھر کے صحافیوں کو گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔اخبارات اور اور ٹی وی چینل اپنے اداروں میں آئین پاکستان کے تحت اخباری کارکنوں کو حاصل حقوق دینے سے انکاری ہیں۔1973ء کے آئین میں نیوز ایمپلائز کنڈیشن آف سروسز ایکٹ کے تحت تمام اخباری مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ اپنے ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔ تنخواہوں اور دیگر مراعات کا پورا میکنزم دیا گیا ہے مگر افسوس ملک بھر میں قانون کی حکمرانی کا شور مچانے والے اخباری مالکان اپنے ہی اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کو آئین کے تحت حاصل حقوق دینے سے انکاری ہیں۔ظلم یہ ہے کہ پاکستانی الیکٹرانک میڈیا کے کارکنوں کیلئے سرے سے کوئی قانون ہی نہیں ہے۔ بارہا مطالبات کے باوجود حکومت پاکستان الیکٹرانک میڈیا کے کارکنوں کیلئے قانون سازی کرنے سے گریزاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس 9اپریل کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے جارہی ہے ۔فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دئیے جانے والے دھرنے میں شامل ہوگی ۔ اس کیلئے ایف یو جے کا ایک وفد 9اپریل کی صبح اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گا۔دھرنے میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاجائیگا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے اور قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائے ایف یو جے نے مطالبہ کیا کہ آٹھواں ویج بورڈ ایوارڈ فوری تشکیل دیا جائے‘ الیکٹرانک میڈیا کے ورکرز کیلئے قانون سازی کی جائے‘میڈیا انڈسٹری سے کنٹریکٹ سسٹم ختم کیا جائے‘اخبارات اور چینل کی اعزازی نمائندگی کا سلسلہ بند کیا جائے او راخبارات اور ٹی وی چینل کے بیوروز کی فروخت بند کی جائے ۔

Related posts