نامعلوم ہاتھ سرگرم: فیصل آباد میں جیو کی نشریات بند


فیصل آباد(احمد یٰسین)نامعلوم طاقتور ہاتھ کی مداخلت کی بناء پرفیصل آباد سمیت ملک بھر میں جیو گروپ کے تمام چینلز کی نشریات کیبل پر روک دی گئی ہے ۔ جیونیوز سمیت جیوگروپ کے تمام چینلز کی نشریات روکے جانے میں پیمرا اور دیگر اداروں کے ملوث ہونے کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد میں ملک کے ایک بڑے میڈیا گروپ ’’جنگ و جیو‘‘ کے چینل جیو نیوز‘ جیو انٹرٹینمنٹ ‘ جیو سپر‘ جیو تیز‘ جیو کہانی کیبل پر مکمل طور بند کروا دئیے گئے ہیں۔صرف فیصل آبادشہر ہی نہیں فیصل آباد ریجن کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں چلنے والی کیبل پر بھی جیو کی نشریات مکمل طور پر بند ہیں۔فیصل آباد کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی جیو کی نشریات کیبل پر رکوائی جا رہی ہیں۔ جیو کی نشریات رکوانے میں پیمرا حکام ملوث ہیں اور نہ کسی دوسرے ادارے کا ہاتھ نظر آرہا ہے۔ عدلیہ کے احکامات اس کے پیچھے ہیں اور نہ کوئی عسکری ادارہ اس میں ملوث بتایا جا رہا ہے۔ کیبل آپریٹرز کو اچانک نامعلوم فون کالز ملنے اور فوری جیو کی نشریات روکے جانے کے احکامات صادر کئے جانے کے احکامات مل رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر جیو کی نشریات بند نہ کئے جانے پر نامعلوم افراد کی طرف سے کیبل آپریٹرز کیخلاف طاقت کا استعمال کئے جانے اور زبردستی نشریات بند کروانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔صحافتی تنظیمیں اور چینل مالکان کی تنظیم جیو کی اس زبردستی بندش پر مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور کسی طرف سے کوئی آواز بلند نہیں ہو رہی۔

Related posts