نذیر فیملی نے مسلم لیگ ن سے راہیں مستقل جدا کر لیں


فیصل آباد(احمد یٰسین)ضلع کونسل کے چیئرمین چوہدری زاہد نذیر اور ان کے بھائیوں نے مسلم لیگ ن سے اپنی راہیں مستقل جدا کر لی ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی میں بھی شمولیت اختیار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہونے والے چوہدری زاہد نذیر اور ان کے بھائی مسلم لیگ ن کے سبکدوش ایم این اے عاصم نذیر نے مسلم لیگ ن سے اپنی راہیں مستقل جدا کر لی ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ کیلئے درخواست بھی نہیں دی اور مسلم لیگ ن کی کسی تقریب میں بھی شامل نہیں ہورہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے چند سینئر رہنماؤں نے انہیں منانے کی کوشش کی مگر انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ نذیر فیملی کے ایک رکن اور چوہدری زاہد نذیر کے بھائی شاہد نذیر پہلے ہی پیپلز پارٹی میں ہیں اور مشرف دور میں بھی انہوں نے پی پی پی کو چھوڑنا گوارہ نہیں کیا تھا۔بعض حلقوں کی طرف سے زاہد نذیر اور عاصم نذیر کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آرہی تھیں مگر انہوں نے ابھی تک کپتان کا ہمراہی بننے سے بھی احتراز کیا ہے ۔پی ٹی آئی کو پہلے ہی ہر حلقے میں ایک سے زائد امیدواروں کے چیلنج کا سامنا ہے ایسے میں نذیر فیملی کو کسی بھی حلقے میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ ملنے کی امید نہیں ہے ۔ نذیر فیملی کے ذرائع الیکشن میں لازمی حصہ لینے کا عندیہ بھی دے رہے ہیں۔ نذیر فیملی آزاد الیکشن کے آپشن پر بھی غور کررہی ہے جبکہ کسی جماعت کی طرف سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے ن لیگ کے متبادل پر بھی سوچ بچار کررہی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ایک اہم شخصیت نذیر فیملی کی ناراضگی دور کرنے اور انہیں پارٹی چھوڑنے سے روکنے کیلئے کوشاں ہے۔

Related posts