نظریہ پاکستان فورم کے زیر اہتمام یوم قائد اعظم کی خصوصی تقریب


فیصل آباد (نیوزلائن)ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک عہد ساز شخصیت تھے جنکی بصیرت افروز قیادت میں تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اورایک آزاد ‘ خود مختار ملک پاکستان معرض وجود میں آیا ۔ انہوں نے یہ بات نظریہ پاکستان فورم کے زیر اہتمام یوم قائد اعظم کے حوالے سے نظریہ پاکستان ہال میونسپل لائبریری میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر ‘ صدر نظریہ پاکستان فورم میاں عبدالوحید ‘ سینئر نائب صدر حاجی محمد عابد ‘ سیکرٹری ارشد قاسمی ‘ سابق ڈائریکٹر کالجز رانا منور خاں ‘ مولانا محمد ریاض کھرل ‘ رانا سکندر اعظم ‘ پروفیسر ریاض قادری و دیگر کے علاوہ طلبا و طالبات اور سول سوسائٹی کے افراد اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے جدوجہد آزادی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے عظیم کارناموں اور زریں اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان کے فرمودات پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک عظیم قوم بننے کے لئے ہمیں قائد اعظم کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہئے اس ضمن میں ہر فرد صدق دل و خلوص نیت سے اپنے حصے کا کردار ادا کرے اور پاکستان سے متعلق قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کے لئے بھر پور محنت اور دیانداری سے فرائض دئیے جائیں ۔ انہوں نے یوم قائد کی تقریب کے شاندار انعقاد پر نظریہ پاکستان فورم کے منتظمین کی کاوشوں اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ نئی نسل کو دو قومی نظریہ سے روشناس رکھا اشد ضروری ہے تاکہ آزادی کی قدر کرتے ہوئے حصول پاکستان کے مقاصد پورے کرنے کے عزم میں کمی نہ آئے ۔ انہوں نے ضلع کی تعمیر و ترقی اور شہری خوبصورتی اور عوامی ریلیف سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اصلاح احوال کے لئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے تاہم گاڑیوں کی پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے سمیت دیگر شہری مسائل کے حل کے لئے حکمت عملی وضع کی گئی ہے ۔مولانا محمد ریاض کھرل نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے قائد اعظم کے کردار اور اصولوں کی پیروی کی جائے۔ تقریب سے رانا منور خاں ‘ خالد بشیر ‘ رانا سکندر اعظم ‘ میاں عبدالوحید ‘ ارشد قاسمی‘ رفعت قادری‘ اویس بشیر ‘ لائبہ انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ یوم قائد اعظم مناتے ہوئے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ بانی پاکستان کے فرمودات ایمان ‘ اتحاد اورتنظیم کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر پروفیسر ریاض قادری نے قائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت پر نظم پیش کی اور قبل ازیں شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا ۔

Related posts