نہروں کی بھل صفائی، تعمیر ومرمت ،35کروڑ کے فنڈز جاری


فیصل آباد(نیوزلائن)صوبائی حکومت کی جانب سے سالانہ بندی کے دوران صوبہ بھر میں نہروں کی بھل صفائی اور تعمیر ومرمت کے کاموں کیلئے35کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیے گئے ہیں جن میں سے فیصل آباد زون کی نہروں کی تعمیر ومرمت کے کاموں کیلئے تین کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد زون میں کاشتکاروں سے آبیانہ کی مد میں وصول کی گئی رقم میں سے بھی40 لاکھ روپے کے فنڈز نہروں کی بھل صفائی کے کاموں پر خرچ کئے جائیں گے یہ 40 لاکھ روپے فیصل آباد زون کی 21نہروں کی بھل صفائی کے کاموں پر خرچ کئے جائیں گے اس طرح فیصل آباد زون میں سالانہ بندی کے دوران نہروں کی بھل صفائی اور تعمیر ومرمت کے کاموں پر مجموعی طور پر تین کروڑ40لاکھ روپے کے فنڈز خرچ ہوں گے ذرائع کے مطابق سالانہ بندی پروگرام کے تحت فیصل آباد زون میں نہریں دومرحلوں میں بند کی جائیں گی پہلے مرحلہ میں نہر جھنگ برانچ اور اس سے ملحقہ تمام نہریں27دسمبر سے13 جنوری 2019 تک بند رہیں گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں رکھ برانچ‘بورالہ برانچ‘میاں علی برانچ‘اپر گوگیرہ برانچ‘لوئر گوگیرہ برانچ اور ان سے ملحقہ تمام چھوٹی بڑی نہریں13جنوری سے 30جنوری 2019تک بند رہیں گی دریں اثناء نہروں کی بھل صفائی اور تعمیر ومرمت کے کام مکمل کرائے جائیں گے ان کاموں پر مجموعی طور پر تین کروڑ40 لاکھ روپے کے فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔

Related posts