نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کیلئے محکمے رابطہ رکھیں: طارق نیازی

فیصل آباد (نیوز لائن) قائمقام ڈپٹی کمشنر/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے محکمانہ امور تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں اس ضمن میں محکمہ ہاؤسنگ اور متعلقہ محکمے قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہاؤسنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ محمد سعید‘اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور‘ناذیہ موہل‘شاہد ندیم,خرم شہزاد بھٹی‘فیصل سلطان کے علاوہ محکمہ مال اوردیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی.قائمقام ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے لئے تجویز کی گئی اراضی کے ریونیو ریکارڈ اور قابل عمل ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ کم اخراجات میں قابل برداشت قیمت کے بہترین گھر تعمیر کرنے کے لئے تکنیکی حکمت عملی کے تحت تیز رفتار اقدامات کئے جائیں۔قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطانق بہترین و دیرپا انفراسٹریکچر اور بنیادی ضروریات کی بآسان فراہمی والے علاقوں میں دستیاب اراضی پر نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم تیارکی جائے گی لہذا تمام تر امور کو فوری حتمی شکل دی جائے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لئے دستیاب سرکاری اراضی‘اس کے محل وقوع اوراب تک کی محکمانہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔

Related posts