نیشنل مسلم لیگ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی‘ امجد وڑائچ


فیصل آباد (نیوزلائن)مرکزی چیئرمین پاکستان نیشنل مسلم لیگ چوہدری امجدعلی وڑائچ نے کہا ہے کہ پارٹی ٹکٹس عوامی خدمت جذبوں سے سرشار اور ملکی ترقی کا عزم رکھنے والوں کودئیے جائیں گے ۔ قومی و صوبائی نشستوں پر پارٹی اپنے مضبوط امیدوار کھڑے کرے گی ۔ہمارے نامزد امیدوار ملک دشمن طاقتوں اورکرپٹ عناصر کے خلاف ڈٹ کرمقابلہ کریں گے ۔انہوں نے پارٹی امیدواروں کی چھان بین کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ امیدواروں کے چناؤکے وقت عہدیداروں سے مکمل مشاورت کی جائے گی کیونکہ مشاورت ہی جمہوریت کا بنیادی اصول ہے ۔ انہوں نے کرپٹ حکمرانوں کی پانچ سال کارکردگی کوانتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف برادران نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا اور عوام کو مہنگائی اور بے روز گاری میں جکڑ دی۔انہوں نے کہا کہ کتنی بے انصافی ہے کہ یونیورسٹیوں میں پہلی پوزیشن لینے والے اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں اپنی درخواستیں اورڈگریاں لئے ملازمت کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں جبکہ سابق حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمرانوں نے بھی اپنے وزیروں، مشیروں کے نااہل بچوں اوربھائیوں کے علاوہ لیگی ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سفارشیوں میں بھاری تنخواہوں پر اندرون و بیرون ملک سرکاری ملازمتیں بانٹی جو غریب عوام کے بچوں کے ساتھ ناانصافیوں کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی وہ اس ناانصافیوں کے خلاف بھی از خود نوٹس لیا جائے تاکہ حقداروں کو ان کا حق مل سکے ۔

Related posts