نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کیلئے بھارتی ٹیم کی فیصل آباد آمد


فیصل آباد (نیوز لائن) کمشنر فیصل آباد41ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے انڈین کبڈی ٹیم فیصل آباد پہنچی ۔ڈویژنل کمشنرآصف اقبال چوہدری،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق،سی پی او اشفاق احمدخاں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرقیصر عباس رند،ڈویژنل سپورٹس آفیسرطارق نذیر،جنرل سیکرٹری کبڈی فیڈریشن رانا سرور،سیکرٹری ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی نے انڈین ٹیم کاپرتپاک استقبال کیا،انہیں پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ لڈی جھومراورگھوڑا ڈانس بھی اس موقع پر پیش کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے انڈین کبڈی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں سے امن ،پیارومحبت اورباہمی احترام کوفروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات بہتر اور خیر سگالی کے جذبات ابھرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈین ٹیم کے فیصل آبادمیں قیام کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اورشائقین کو کبڈی کے بہترین مقابلوں سے لطف اندوزہونے کا موقع ملے گا۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس عمرفاروق نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کی ترویج وترقی اورقومی وبین الاقوامی مقابلوں کو منعقد کرانے پر گہری توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے انڈین ٹیم کو فیصل آباد آمد پرخوش آمدیدکہا۔انڈین کبڈی ٹیم کے کپتان پرتاب سنگھ نے پرجوش استقبال کرنے پر ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اورحکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ انہیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے۔

Related posts