بزدار حکومت کا موبائل اراضی ریکارڈ و رجسٹریشن سنٹر چلانے کا اعلان



لاہور (نیوز لائن) بزدار حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے جدید انداز میں موثر اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے صوبے میں موبائل اراضی سینٹرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موبائل اراضی سینٹرز شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس اقدام سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب زمین سے متعلقہ خدمات ملیں گی اور درخواست گزار کیلئے اب گھر بیٹھے فرد کا اجراء اور انتقال اراضی ممکن ہو سکے گا۔موبائل اراضی سینٹرز سے خصوصی طور پر بزرگوں، بیمار افراد اور خواتین کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منفرد اصلاحات کے ذریعے عوام کو ان کا حق واپس کر رہے ہیں۔اراضی ریکارڈ سسٹم میں ریفارمز برسوں پرانے فرسودہ نظام کی باقیات کا حقیقی معنوں میں خاتمہ کریں گی۔ پہلے مرحلے میں 20 موبائل اراضی یونٹس خریدے گئے ہیں جن میں جدید آلات لگائے گئے ہیں اور موبائل اراضی یونٹس کو صوبے میں قائم دیگر اراضی سینٹرز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے۔درخواست گزار 042111222277 پر کال کرکے سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ای گورننس کے اس اقدام سے پنجاب میں پٹوار کلچر کا حقیقی طور پر خاتمہ ہوگا۔ ماضی کی حکومتیں ذاتی مفاد کیلئے پٹوار کلچر کو فروغ دیتی رہیں۔محکمانہ اصلاحات سے کرپشن اور روایتی بوسیدہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ریفارمز کے نام پر کھوکھلے دعوے اور جھوٹے وعدوں سے عوام کو دھوکہ دیا۔

Related posts