واپڈا کی ٹیم نے نیشنل ویمن ہینڈ بال چیمپئن شپ جیت لی


فیصل آباد (نیوز لائن) پاکستان واپڈا نے سنسنی خیز فائن ل میچ میں آرمی کی ٹیم کو ایک گول کے فرق سے شکست دے کر نیشنل ویمن ہینڈ بال چیمپئن شپ جیت لی۔ ایچ ای سی کی ٹیم نے پنجاب کو مات دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے ہینڈ بال کورٹ میں کھیلے جانیوالے فائنل اور تیسری پوزیشن کے مقابلوں کو چاروں ٹیموں کی کھلاڑیوں کے کھیل نے انتہائی دلچسپ بنائے رکھا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں ایچ ای سی کی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم کو ناک آؤٹ کردیا۔ ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مقابلے میں آرمی اور واپڈا دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور آخری لمحات تک مقابلے کو سنسنی خیز بنائے رکھا ۔ آرمی کی ٹیم کے 20گولز کے مقابلے میں واپڈا کا سکواڈ صرف ایک برتری حاصل کرسکا اور 21گول کرکے میچ اور چیمپئن شپ جیت لی۔ فائنل کے موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر علمدار حسین شاہ‘ جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر صوفیہ انور‘ انٹیلی جنس بیورو کے مقامی انچارج محمد طاہر‘ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز جی سی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر ندیم سہیل اور دیگر شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی اور مقابلے دیکھے۔ اس موقع پر صدرپاکستان ہینڈبال فیڈریشن حاجی محمد شفیق نے کہا کہ ہینڈ بال کا کھیل بے حد مقبول ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں ہمیشہ اعزازات حاصل کئے ہیں ۔ انہوں نے اختتامی اور افتتاحی تقریب کے پرکشش اور شاندار انعقاد پر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر صوفیہ انورنے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل بہت ضروری ہیں اور یہ تعلیم کا بنیادی جزو ہے کھیلوں کے فروغ سے دنیا کو امن کا پیغام جاتا ہے ۔پاکستانی خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہے اور سپورٹس کے میدان میں بھی ان کی کارکردگی کسی سے کم نہیں۔

Related posts