وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈز ختم کردئیے


اسلام آباد(نیوزلائن)وفاقی کابینہ نے صدر ‘ وزیر اعظم اور وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کر دئیے ہیں ۔ ملک بھر میں کچی آبادیوں کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے ٹاسک فورس بنائی جائیگی ٗتمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں جیسے ملتان ، اسلام آباد ،لاہورمیٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین منصوبوں کا فورنزک آڈٹ ہوگا۔ٗضرورت پڑی تو ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات کا دائرہ پھیلایا جائیگا ٗایماین ایز کے تمام ترقیاتی منصوبے پارلیمان میں ڈسکس ہوں گے ‘وزیر اعظم خصوصی جہاز استعمال نہیں کرینگے ٗ وزراء اور سرکاری افسران کے فرسٹ کلاس میں سفر کرنے پر پابندی عائد ٗ بطور انتظامیہ عدالتی امور میں مداخلت نہیں کرسکتے ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا جائیگا ٗباہر سے پیسہ لانے کے حوالے سے منگل تک ٹی او آرز سامنے لائے جائیں گے ٗآرٹی ایس کے حوالے سے جامع اور شفاف تحقیقات کرانے کی بھی منظوری دیدی گئی ۔نیوزلائن کے مطابق وفاقی کابینہ نے صدر، وزیراعظم وزراء اور ایم این ایز کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ ملک بھر میں کچی آبادیوں کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے ٹاسک فورس بنائی جائیگی ٗتمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں جیسے ملتان ، اسلام آباد ،لاہور اور اورنج لائن ٹرین منصوبوں کا فورنزک آڈٹ ہوگا ٗضرورت پڑی تو ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات کا دائرہ پھیلایا جائیگا ٗتمام منصوبے پارلیمان میں ڈسکس ہوں گے ٗسی پیک کے منصوبوں کے امین ہیں ٗ ان میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے ٗ نواز شریف نے ایک سال میں 51 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈ استعال کئے گئے ٗوزیر اعظم خصوصی جہاز استعمال نہیں کرینگے ٗ وزراء اور سرکاری افسران کا فرسٹ کلاس میں سفر نہیں کرینگے ٗ بطور انتظامیہ عدالتی امور میں مداخلت نہیں کرسکتے ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا جائیگا ٗباہر سے پیسہ لانے کے حوالے سے منگل تک ٹی او آرز سامنے لائے جائیں گے ٗآرٹی ایس کے حوالے سے جامع اور شفاف تحقیقات کرائی جائینگی ۔وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا دوسرا اجلاس جمعہ کو ہوا جس میں حکومت کے ابتدائی 100 دن کے ایکشن پلان پرعملدرآمد کی حکمت عملی اور سرکاری ملازمین کی ہفتے کی چھٹی ختم کرنے سمیت 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد تواتر کے ساتھ کابینہ کے اجلاس ہورہے ہیں ٗ اب کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ہفتہ کی چھٹی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کام کے اوقات تبدیل کیے گئے ہیں اور سرکاری دفاتر کے اوقات اب 9 سے 5 بجے تک ہوں گے ٗسرکاری دفاتر میں اوقات کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بڑے شہروں میں بڑے پیمانے پر کچی آبادیاں موجود ہیں ٗ ان کے حوالے سے ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے سب سے اہم فیصلہ صوابدیدی فنڈ ختم کرنے کا کیا ہے جو تاریخی اقدام ہے ۔ وزیر اطلاعا ت نے کہا کہ اگرصوابدیدی فنڈز کے خاتمے کے حوالے سے قانون سازی کی ضرورت پڑی تو کرینگے۔انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 21 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈ استعمال کیے، اس کے ساتھ 30 ارب روپے کے فنڈ ایم این ایز کو دیے گئے، ایک سال میں 51 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈ استعال کئے گئے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ نواز شریف جلسوں میں کہتے تھے کہ میں نے یہ پیسے آپ پر وار دیے، پچھلی حکومت نے سرکاری خزانے کا بے دردی سے استعمال کیا لیکن یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے جسے اس طرح سے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاناما کیس کے سامنے آنے کے بعد نواز شریف جہاں بھی گئے وہاں ایک ایئرپورٹ اور موٹر وے کا اعلان ضرور کیا، یہ نہیں دیکھا گیا کہ اس علاقے کی ضرورت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت جن کا بظاہر کوئی آئینی کردار نہیں رہا، انہوں نے بھی 8 سے 9 کروڑ روپے کا صوابدیدی فنڈ استعمال کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم، صدر اور ایم این ایز کے صوابدیدی فنڈ ختم کر دیے گئے، کسی منصوبے پر رقم استعمال ہونی ہے تو وہ پارلیمانی کمیٹی میں زیر بحث آئے گا اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے تفصیلی جائزے کے بعد فنڈ دیئے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خصوصی جہاز استعمال نہیں کرینگے ٗوزیراعظم عمران خان غیرملکی دوروں کیلئے کلب کلاس میں سفر کرینگے کیونکہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ بادشاہوں کی طرح پیسہ خرچ کرنے کا رواج ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وزراء اور سرکاری افسران کا فرسٹ کلاس میں غیر ملکی سفر ختم کردیا گیا ہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملتان، اسلام آباد، لاہور اور اورنج ٹرین منصوبوں کا فورنزک آڈٹ کرنے کی منظوری دی گئی، اور پھر اگر ضرورت پڑی تو ایف آئی اے سے اس کی تحقیقات بھی کرائی جائیگی۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی بھی کسی عوامی پراجیکٹ کو بند کرنے کی بات نہیں کی لیکن ہمارا پہلے روز سے مؤقف رہا ہے کہ ان بڑے بڑے پراجیکٹ کے پیچھے کرپشن ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے ملک گیر شجرکاری مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے عید کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہارکیا ہے ٗبجلی کی ترسیل کا ناقص نظام لوڈشیڈنگ کی وجہ بنا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ گذشتہ حکومت 1000ارب روپے کا گردشی قرضہ چھوڑکر گئی ہے ٗچاہتے ہیں کہ گذشتہ حکومت کے میگاپراجیکٹس کی حقیقی تفصیلات سامنے آئیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پہلے 100دن کی تمام ترجیحات کا احاطہ کیا ٗپرنسپل سیکرٹری کا تقرر کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔فواد چودھری نے کہاکہ وزارت کیڈ کو ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ٗریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن کو سیاسی سنسر شپ ختم کرنے کی واضح ہدایت کی ہے ٗاے پی پی میں یومیہ 8گھنٹے کی نشریات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ٗپی ٹی وی ورلڈ میں علاقائی سطح کے امور کواجاگر کیا جائیگا۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ پہلے ہی بجٹ میں 51ارب روپے کی بچت کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ٗوزیراعظم چاہتے ہیں کہ قومی خزانے کی حفاظت کے حوالے سے عوام کا اعتماد بحال ہو۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں کی جلدتکمیل کے حوالے سے ہدایت کی ہے ٗ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمدیقینی بنایا جائیگا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ بطور انتظامیہ عدالتی امور میں مداخلت نہیں کرسکتے ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ میڈیا کارکنان ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم ہیں۔انہوں نے کہاکہ باہر سے پیسہ لانے کے حوالے سے منگل تک ٹی او آرز سامنے لائے جائیں گے ٗآرٹی ایس کے حوالے سے جامع اور شفاف تحقیقات کرائی جائینگی۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس نے کہا کہ اورنج لائن کی وجہ سے عوام سے بہت مشکلات اٹھائیں، پنجاب حکومت اورنج لائن ٹرین منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اطلاعا ت نے کہاکہ فیصل آباد واقعہ کو سوشل میڈیا میں غلط طور پر مذہبی رنگ دیا گیا ہے۔

Related posts