ووٹر کی عزت تحریک انصاف بحال کرے گی‘ فرخ حبیب


فیصل آباد (نیوزلائن) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی ‘ بے روز گاری ‘ لوڈشیڈنگ کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے مہنگائی میں پسے ہوئے عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے ۔ حالیہ بجٹ کے بعد مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے جس سے مزید مسائل کا شکار ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا روڈ میپ عمران خان کے پاس ہے ۔ پی ٹی ٹی آئی چیئرمین نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ان کے لئے ترجیحات کا تعین کیا ہے جن کا نفاذ وہ وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوکر کریں گے ۔عمران کی قیادت میں ووٹر کی عزت بحال ہو گی ان کے ہوتے ہوئے ووٹ کا تقدس پامال نہیں ہونگا ۔بدنیت حکمران عوام کے بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہیں ۔عمران خان کا گیارہ نکات پر مشتمل بیانیہ ہی ملک و قوم کے محفوظ مستقبل کا ضامن ہے جس میں وفاق کی مضبوطی سے لے کر ملک کو درپیش مسائل کے حل تک اہم قومی معاملات کی نشاندہی کر دی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس نااہل نواز شریف جھوٹ کی پٹاری کھول کر بیٹھ گئے ہیں مگر ان کا تماشا نہیں چلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی خواتین کے بارے رانا ثناء اﷲ کا بیان انتہائی افسوسناک ہے ۔( ن ) لیگ کی قیادت حقیقی احتساب سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ شریف فیملی کئی سالوں سے ملک پر حکمرانی کر رہا ہے مگر شریفوں نے کبھی بھی عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں نہیں سوچا بلکہ اپنے خزانے بھرے ہیں ۔

Related posts