ویمن آن وہیل پروگرام:30 خواتین کو موٹرسائیکل فراہم


فیصل آباد(نیوزلائن)سٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے زیراہتمام وومن آن وہیلز پروگرام کے تحت اگلے مرحلے میں موٹرسائیکل چلانے کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو رعایتی نرخوں پر مزید 30 موٹرسائیکلز فراہم کردی گئی ہیں ۔اس سلسلے میں ایک تقریب زرعی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی ۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ڈاکٹر نورین عزیز قریشی نے خواتین میں موٹرسائیکلزکی چابیاں‘ متعلقہ دستاویزات اور سر ٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنر کہا کہ قومی ترقی میں خواتین برابر کی شریک ہیں جنہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہرات پر خواتین کا موٹرسائیکل چلانا ایک انقلابی قدم ہے جس کی بدولت وہ سماجی زندگی میں بااختیار اور خود اعتماد ہونگی۔انہوں نے خواتین سے کہا کہ سڑکوں پر موٹرسائیکل چلاتے وقت ٹریفک قوانین کی پابندی کویقینی بنائیں۔ وائس چانسلر وومن یونیورسٹی نے کہا کہ خواتین میں خود اعتمادی اور خود انحصاری پیداکرنا اہم ترین ضرورت ہے جس سے قومی ترقی پر مثبت اثرات متب ہونگے۔سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کی مریم نور نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ فیصل آباد،لاہور،سرگودھا،ملتان اور راولپنڈی میں وومن آن وہیلز پروگرام کے تحت 35سو سے زائد خواتین کو موٹرسائیکل ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ ٹریفک ایجوکیشں یونٹ کے نمائندہ نے ٹریفک قوانین اور ڈرائیونگ کے مختلف تقاضوں کے بارے میں آگاہی دی۔

Related posts