ٹویوٹا فیصل آباد موٹرز بھی سیلز ٹیکس چوروں کی لسٹ میں شامل نکلا

فیصل آباد (احمد یٰسین) عالمی برانڈ کی” ٹویوٹا موٹرز”کی خریدوفروخت کا کام کرنیوالا ادارہ ٹویوٹا موٹرز فیصل آبادبھی سیلز ٹیکس چوری میں ملوث نکلا۔ ٹویوٹا موٹرز فیصل آباد کا نام سیلز ٹیکس چوری کرنیوالے 1632بڑے ایسے سرمایہ داروں اور کمپنیوں کی لسٹ میں شامل ہے جن کیخلاف کارروائی کیلئے ایف بی آرپہلے ہی تمام ریجنل دفاترز کو کارروائی کا حکم جاری کرچکا ہے۔نیوز لائن کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جمع ہونیوالے ٹیکس ریٹرن ‘ خریداریوں اور فروخت کے حسابات ‘ بنک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال سے گزشتہ مال سال کے دوران سیلز ٹیکس چوری کرنے والی 1632 بڑی کمپنیوں کا سراغ لگا یا ہے ۔ سیلز ٹیکس چوری میں ملوث ان 1632یونٹس میں سے ہر ایک سالانہ 50ملین سے زائد کا ٹرن اوور رکھتا ہے جبکہ ان کے علاوہ 37ہزار آٹھ سو ستاون ایسے سیلز ٹیکس چوروں کی لسٹیں بھی تیار کی گئی ہیں جن کا سالانہ ٹرن اوور پچاس ملین سے کم ہے۔عالمی برانڈ کی موٹر ووہیکل ”ٹویوٹا ” کی خریدو فروخت کا کام کرنیوالے ٹویوٹاموٹرز فیصل آباد کانام بھی ٹیکس چوروں کی اس لسٹ میں شامل پایا گیا ہے۔ ٹویوتا موٹرز فیصل آباد کے بارے میں سامنے آیا ہے کہ اس نے دو ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کی مگر اس پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کیا۔ ناصرف سیلز ٹیکس ادا نہیں کیا بلکہ اپنی ٹیکس ریٹرن بھی غلط جمع کروائی۔ بنک ریکارڈ اورٹویوٹا موٹرز کی خریدوفروخت کی جانچ پڑتال کے دوران ٹویوٹا موٹرز فیصل آباد کے مالکان کی ٹیکس چوری پکڑی گئی۔ ذرائع کے مطابق ٹویوٹا موٹرز فیصل آباد کی صرف ایک سال کی ٹیکس چوری 30کروڑ روپے سے زائد کی ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی ٹویوٹا موٹرز فیصل آباد کے ٹیکس گھپلے اور ٹیکس چوری کے واقعات سامنے آئے ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ریکارڈ کے مطابق ٹویوٹا موٹرز فیصل آباد سمیت ملک بھر کے 1632 سیلز ٹیکس چور یونٹس نے ایک سال کے دوران سات کھرب’ 19ارب روپے سے زائد کی خرید و فروخت ایسی کی جس پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کیا۔ جبکہ ان کی جمع کرائی گئی ٹیکس ریٹرن میں بھی گھپلے پائے گئے۔ زیرو ریٹ ٹیکس پالیسی کی بھی خلاف ورزی کی ۔ بوگس انوائسز بنوانے میں بھی ملوث رہیں۔ غیرقانونی کارروائیوں میں ملوث ہونے’ سیلز ٹیکس چوری کرنے والی ان 1632کمپنیوں کے کیسز تیار کرلئے گئے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بھی ان کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ کارروائی کے احکامات متعلقہ فیلڈ دفاتر کر بھجوا دئیے گئے ہیں۔ ان افراد کیخلاف مقدمات کے اندراج سمیت ہر ممکن اقدام اٹھانے اور ان سے چوری کیا گیا سیلز ٹیکس وصول کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔سیلز ٹیکس چوری میں ملوث تمام یونٹس کی الگ الگ فائل تیار کی گئی ہے اور ہر کیس کو انفرادی طور پر ڈیل کیا جارہا ہے ۔

Related posts