ٹیکس چور ی میں ملوث نیب زدہ صنعتکار کیلئے ڈرائی پورٹ پر گارڈ آف آنر

فیصل آباد (نیوز لائن) ڈرائی پورٹ پر کسٹم حکام نے پراپرٹی فراڈ اور ٹیکس چوری میں ملوث صنعتکار گروپ کے چیئرمین کو خصوصی گارڈ آف آنر دینا شروع کردیا۔ نیوز لائن کے مطابق فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر مخصوص صنعتکاروں کو پورٹ کا عملہ گارڈ آف آنر پیش کرتا ہے۔ چناب گروپ کے چیئرمین سمیت متعدد صنعتکاروں کو ڈرائی پورٹ پر گارڈ آف آنر پیش کیا جاتا ہے۔ آتے جاتے کسٹم حکام اور پورٹ کا عملہ انہیں سلیوٹ پیش کرتا اور بگل بجا کر ان کی آمد و روانگی پر خصوصی پروٹوکول دئیے جاتے ہیں۔ نیو زلائن کے مطابق صنعتکاروں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے ٹرسٹ بنا کر فیصل آباد ڈرائی پورٹ میں گھسنے کا منصوبہ بنایا تھا جبکہ وہاں براجمان ہو نے کے بعد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ میں دی گئی تمام رقوم صنعتکار وں نے واپس وصول کر لیں۔خود ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین مشتاق چیمہ اعتراف کرچکے ہیں کہ ٹرسٹ میں دی گئی تمام رقوم صنعتکاروں کو واپس دیدی گئی ہیں۔ اور کسی صنعتکار کی ایک پائی بھی قابل واپسی نہیں ہے۔ ٹرسٹ کے ممبر ہونے کے باوجود تمام صنعتکار پرائیویٹ افراد ہی گردانے جاتے ہیں اور ان کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں ہے ایسے میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چناب گروپ کے چیئرمین کی آمد و روانگی پر خصوصی بگل بجانا اور انہیں خصوصی پروٹوکول دینا اور سلیوٹ پیش کرنا معاملات کو مشکوک بناتا ہے۔ ایسے میں جبکہ پراپرٹی فراڈ کے معالے پر چناب گروپ کے رہائشی منصوبے کیخلاف نیب میں انکوائری ہورہی ہے او ایف بی آر میں بھی ان کے ٹیکس چوری کے متعدد کیس سامنے آچکے ہیں۔

Related posts